سموگ کے تدارک کیلئے اے آئی پر مبنی نظام متعارف کرادیا:مریم اورنگزیب

لاہور:(اپنے رپورٹر سے)سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے رواں سال سموگ کے تدارک کےلئے مصنوعی ذہانت (اے آئی) پر مبنی نیا نظام متعارف کرادیا۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا نظام کے ذریعے صوبے بھر میں فضائی آلودگی، سموگ کی شدت اور بھارت سے آنے والی آلودہ ہواوں کے اثرات کی پیش گوئی ممکن ہوگی ، نظام صوبے میں ایئر کوالٹی کے درست تجزئیے اور بروقت اقدامات کےلئے پہلی جامع تکنیکی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، ماضی میں پنجاب خصوصاً لاہور میں سموگ کی سطح معلوم کرنے یا پیشگی نگرانی کےلئے کوئی باقاعدہ نظام موجود نہیں تھا لیکن اب اے آئی ٹیکنالوجی کے ذریعے آئندہ 4 ماہ تک کے فضائی معیار کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے، نظام حکومت کو پہلے سے منصوبہ بندی کرنے، صحت کے شعبے کو الرٹ رکھنے اور آلودگی کے ذرائع پر بروقت قابو پانے میں مدد دیتا ہے۔

سینئر صوبائی وزیر نے کہا پہلے سموگ کے پھیلنے کے بعد کارروائی شروع ہوتی تھی، اب ہم مارچ ہی سے اس کے سدباب پر کام شروع کر دیتے ہیں، صوبے میں سموگ پیدا کرنےوالے ذرات کو کم کرنے کےلئے انڈسٹری، ٹرانسپورٹ اور تعمیرات کے شعبوں میں واضح اہداف مقرر کیے گئے ہیں جن پر عملدرآمد کو جدید نگرانی کے نظام کے ذریعے یقینی بنایا جا رہا ہے،مریم اورنگزیب نے کہا ماحولیاتی تحفظ ایجنسی (ای پی اے) کے مطابق رواں سال3 لاکھ گاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ مکمل کیے گئے ہیں جبکہ 1100 الیکٹرک بسیں سڑکوں پر آ چکی ہیں اور ایک ہزار مزید جلد شامل کی جائیں گی تاکہ گرین ٹرانسپورٹ کو فروغ دیا جا سکے۔