فلسطین میں امن فوج بھیجنے کا فیصلہ اعلیٰ قیادت کرے گی،اسحاق ڈار

اسلام آباد: (بیورورپورٹ)نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہاہے غزہ پراچھا کام ہوا تو متنازع نہ بنایا جائے، کچھ لوگ سیاست کر رہے ہیں،فلسطین میں امن فوج بھیجنے کا فیصلہ اعلیٰ قیادت کرے گی، سیاست کےلئے غزہ معاہدے کی مخالفت کی جا رہی ہے، کیا آپ چاہتے ہیں معصوم شہریوں کا خون بہتا رہے،خدارا کسی چیز میں تو سیاست کو نہ لائیں، معاملے پر بہت زیادہ کام ، بات چیت کے کئی دور ہوئے، گزارش ہے اچھے کام کو متنازع نہ بنائیں۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کا صرف ایک نکاتی ایجنڈا تھا کسی طریقے سے فوری جنگ بندی ،غزہ کی تعمیر نو ، مغربی کنارے پر اسرائیلی قبضے کو روکا جائے،پاکستان اسلامی ملکوں کے مشترکہ اعلامیے کا خیرمقدم کرتا ہے،8اسلامی ممالک کے منصوبے کے تحت فلسطین میں امن فورس تعینات ہوگی، انڈونیشیا نے 20 ہزار فوجی بھیجنے کی پیشکش کردی، پاکستان میں فیصلہ اعلیٰ قیادت کرے گی۔

نائب وزیراعظم نے کہا اقوام متحدہ میں فلسطین کے معاملے پر آواز اٹھاتے ہوئے غزہ میںظلم و بربریت کا معاملہ بھرپور طریقے سے اٹھایا، جنگ بندی و مسلسل امداد کی فراہمی کےلئے مثبت بات چیت کی گئی،امریکی صدر ٹرمپ سے ملاقات میں فلسطین کے ایجنڈے پر پاکستان سمیت 8 ممالک تیار ہوئے، غزہ میں فوری جنگ بندی ،امدادکا معاملہ اٹھایا، بھوک کے شکار فلسطینیوں کےلئے آواز اٹھائی گئی، فلسطین کے معاملے پر کوئی چھوٹا نہیں بہت بڑا ایجنڈا تھا،امن معاہدے پر سعودی وزیر خارجہ مسلسل رابطے میں رہے، پاکستان، سعودی عرب، یواے ای، ترکیہ سمیت 8 مسلمان ملکوں نے مشترکہ بیان جاری کیا۔

اسحاق ڈار نے کہا 8 ملک 1967 سے پہلے کی سرحدوں کے تحت مسئلہ فلسطین کے حل کےلئے پرعزم ہیں،خود مختار فلسطینی ریاست چاہتے ہیں ایسی آزاد خود مختارریاست جس کا دارالحکومت القدس شریف ہو،فلسطینی اتھارٹی نے 8 ملکوں کے مشترکہ اقدامات کا خیر مقدم کیا ، فلسطین کے معاملے پر سیاست سے گر یز کیا جائے،اسرائیل کے مکمل انخلا کےلئے پر عزم ہیں، فلسطین امن منصوبے کا صرف پاکستان نہیں 8 ملکوں نے خیر مقدم کیا ، سیاست کرنےوالے کیا چاہتے ہیں لوگ مرتے رہیں ، اپیل ہے اگر کوئی اچھا کام ہے توکمرشل نہ بنائیں۔

نائب وزیراعظم نے کہا فلسطین میں گراونڈ پر ملکی قانون نافذ کرنےوالے ادارے ڈیل کریں گے، نہیں لگتا حماس معاہدے کی مخالفت کرے گی، یقین دلایا گیا معاہدہ قبول کیا جائےگا، پاکستان کی پالیسی بالکل واضح ہے،کسی قسم کی تبدیلی نہیں،آئیڈیا ہے فلسطین میںٹیکنکو کریٹ آزاد حکومت ہوگی، ایک اور باڈی میں زیادہ تر فلسطینی شامل ہوں گے،پاکستان مشترکہ اہداف آگے بڑھانے اور فلسطینی عوام کیلئے منصفانہ ، دیرپا امن کی حمایت پر برادر ممالک ،امریکہ کےساتھ مل کر کام کرنے کیلئے تیار ہے۔

دوسری جانب سینٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے دعویٰ کیا ٹرمپ کے امن منصوبے پر فلسطین کے کلیدی رہنماوں نے خوشی کا اظہار کیا ،ماتم (واویلا) کرنے کی بجائے خوش ہونا چاہیے، اسلامی بلاک میں پاکستان کو اہم کردار ملا ، فلسطین کے مناظر دیکھ کر ہر درد دل رکھنے والاپریشان اب امن قائم ہوتا نظر آرہا ہے، جنرل اسمبلی اجلاس میں میں پاکستان ،اسلامی دنیا نے جس طرح نیتن یاہو کو منہ پر لعنت بھیجی تاریخ میں لکھا جائے گا، بھارت سفارتی تنہائی کا شکار ہوگیا، ملکی عزت میں اضافہ ہورہا ہو تو خوش اور معاملے پر مشترکہ اجلاس ہونا چاہیے۔