ٹیکس ریٹرن جمع کرانے کی تاریخ میں 31اکتوبر تک توسیع کی جائے ، تاجر برادری کا حکومت سے مطالبہ

لاہور (کامرس رپورٹر) لا ہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر میاں ابوذر شاد، سینئر نائب صدر انجینئر خالد عثمان اور نائب صدر شاہد نذیر چوہدری سینئر تاجر رہنماانجمن تاجران لاہور کے رہنما وقار میاں لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے آل پاکستان انجمن تاجران کے سینئر رہنما راجہ جاوےد، لالہ سیف تمیمی میاں سلیم ،عمر قرےشی،سینئر تاجر رہنما محمد علی میاںفاران سعےد بٹ، پیاف چیئرمین فہیم الرحمان سہگل، قومی تاجر اتحاد کے رہنماوں سید ممتاز حسین بخاری نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف، وزیر خزانہ اورنگزیب اور چیئرمین ایف بی آر راشد لنگڑیال سے اپیل کی ہے کہ ٹیکس ریٹرن جمع کروانے کی تاریخ میں 31اکتوبر تک توسیع کرے تاکہ تاجر برادری آسانی سے اپنا قومی فریضہ ادا کرسکے۔ لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ ملک بھر میں بدترین سیلاب اور دیگر وجوہات کی وجہ سے تاجر برادری کی اکثریت 30ستمبر تک ٹیکس ریٹرن جمع نہیں کرواسکے گی۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری برادری کو ٹیکس ریٹرن جمع کرانے کیلئے مناسب وقت فراہم کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایف بی آر کی جانب سے ٹیکس ریٹرن فائل کرنے کے نظام پر بھی کافی بوجھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی بزنس کمیونٹی ہے ۔ حکومت کو ان کی سہولت کیلئے پالیسیوں میں لچک پیدا کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ تاریخ میں توسیع نہ ہونے کی صورت میں بہت سے ایماندار ٹیکس دہندگان غیر ارادی طور پر تاخیر کے جرمانوں اور قانونی پیچیدگیوں کا سامنا کریں گے۔لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے وزیراعظم، وزیر خزانہ اور چیئرمین ایف بی آر سے اپیل کی کہ تاجر و صنعتکار طبقے کو سہولت فراہم کرتے ہوئے ٹیکس ریٹرن جمع کرانے کی آخری تاریخ میں 31 اکتوبر 2025ءتک توسیع کا اعلان فوری طور پر کیا جائے ۔