نیویارک (مشرق نیوز) کولمبیا کے صدر گستاوو پیٹرو نے فلسطینی عوام پر جاری اسرائیلی مظالم کے خلاف عالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ ایک ایسی عالمی فورس تشکیل دی جائے جو امریکی فوج سے بھی بڑی ہو۔
نیویارک میں فلسطین کے حق میں مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کولمبیا کے صدر نے کہا کہ عالمی فورس کا مقصد انسانیت کا تحفظ ہونا چاہئے۔ انہوں نے امریکی فوجیوں سے بھی کہا کہ وہ ٹرمپ کے احکامات نہ مانیں اور انسانیت کیلئے ہتھیار اٹھائیں۔
امریکہ نے کولمبیا کے صدر کے خطاب کو اشتعال انگیز قرار دیتے ہوئے ان کا ویزا منسوخ کر دیا۔ تاہم وطن واپسی پر صدر پیٹرو نے کہا کہ وہ دنیا کے ایک آزاد شہری ہیں، صرف کولمبیا ہی نہیں بلکہ یورپی شہریت بھی رکھتے ہیں، اسلئے امریکہ جانے کیلئے انہیں صرف سفری اجازت نامہ درکار ہوگا۔
واضح رہے کہ کولمبیا کے صدر اس سے قبل اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں بھی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور امریکی پالیسیوں کو شدید تنقید کا نشانہ بنا چکے ہیں جس پر امریکی وفد اجلاس سے واک آوٹ کر گیا تھا۔
کولمبیا کے صدر کا اسرائیلی مظالم کے خلاف عالمی فورس بنانے کا مطالبہ



















