سیلاب سروے مہم ، تنقید کرنےوالے اپنے صوبوں میں تو کام کرلیں، مریم

لاہور:(اپنے رپورٹر سے) وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا ہے پنجاب پر تنقید کرنےوالے اپنے صوبوں میں تو کام کرلیں،راتیں جاگ کر متاثرین کی مدد کی، تصویریں بنتی ہیں تو لوگوں کو پتہ چلتا ہے حکومت ساتھ کھڑی ہے، کام کرنےوالے کیمروں کا سامنا کرتے ہیں، کہتے ہیں ہمارا وزیراعلیٰ کیمرے کے سامنے نہیں آتا اور چپ کرکے کام کرتا ہے لیکن جب کام ہوتا ہے تو سرچڑھ کر بولتا ہے، دفتر میں بیٹھ کر سکرین سامنے رکھ کر تصویر بنوانا آسان ہے اور کہنا وزیراعلیٰ کام کر رہا ہے، وزیراعلیٰ کیمرے کے سامنے نہیں آتا، کام کرے گا تو کیمرے کے سامنے آئے گا، جب میدان میں آو گے تو کیمرا بھی ہوگا، کیمرا بتاتا ہے وزیراعلیٰ کیا کر رہا ہے اور کابینہ کیا کام کر رہی ہے، 2 سے 3 ماہ میں پنجاب ایسا ہوجائے گا جیسے سیلاب آیا ہی نہیں تھا۔

مریم نواز نے پنجاب میں سیلاب سروے مہم کا آغاز کرتے ہوئے صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے رضاکاروں سے حلف لیا ،رضا کارسیلاب متاثرین کے نقصانات کا تخمینہ لگائیں گے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا دکھی انسانیت کی خدمت کرنے والے اللہ تعالیٰ کے بہترین دوست ہیں،سیلاب متاثرہ علاقوں میں نقصانات کاازالہ کریں گے، عوام کی خدمت ہی اصل سیاست ہے،رضا کار متاثرین کا ڈیٹا اکٹھا کرنے نہیں بلکہ عبادت کرنے جارہے ہیں، میرا عہدہ صرف شان و شوکت والا عہدہ نہیں بلکہ ایک بڑی ذمہ داری ہے،دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے سب مل کر کوششیں کریں گے، پنجاب کے علاقوں میں ریکارڈ بارشیں ہوئیں، پنجاب کے عوام کو بدترین سیلاب کا سامنا کرنا پڑا، بارشوں اور سیلاب سے پنجاب کے 25 اضلاع متاثر ہوئے ،متاثرہ علاقوں میں رضاکاروں کی امدادی سرگرمیاں لائق تحسین ہیں۔

مریم نواز نے کہا عوام کی خدمت بطور وزیراعلیٰ میری سب سے بڑی ذمہ داری ہے،مریم اورنگزیب نے18،18گھنٹے سیلاب متاثرہ علاقوں میں کام کیا، پنجاب کابینہ سمیت تمام ارکان سیلاب متاثرین کی بحالی کےلئے کام کر رہے ہیں،پولیس، ریسکیو اور انتظامیہ نے ریلیف کے کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا، بچوں کےلئے دودھ، پھل اور دیگر سہولتیں فراہم کی گئیں، سیلاب متاثرہ علاقوں میں کلینک آن وہیلز کی سہولت فراہم کی گئی،کلینک آن وہیلز کے ذریعے متاثرین کو بہترین طبی سہولتوں کی فراہمی ،، متاثرہ علاقوں میں بیماریوں سے بچاو¿ کےلئے احتیاطی تدابیر اختیار کی گئیں،پیرپگارا کا شکریہ، انہوں نے پنجاب حکومت کے کا م کی تعریف کی، پیرپگارا نے کہا پنجاب حکومت قابل ہے، دو تین مہینے بعد لگے گا بھی نہیں سیلاب آیا تھا۔

ادھر وزیراعلیٰ مریم نواز سے پاکستان نیوی وار کالج کے 55ویں سٹاف کورس کے شرکاءنے ملاقات کی،وفد میں پاکستان کی تینوں مسلح افواج کے افسران اور 15دوست ممالک کی مسلح افواج کے افسران شریک تھے،پاکستانی نیوی وار کالج کے وفد کی قیادت ریئر ایڈمرل سہیل احمد عزمی نے کی،مریم نواز نے پاکستان نیوی وار کالج کے وفد کی آمد کا خیر مقدم کیا ،وفد نے فلسطینیوں کیلئے حمایت کے اعلان کا اعادہ کیا، وزیر اعلیٰ نے وفد میں فلسطینی افسروں کی شمولیت کو سراہا۔

مریم نوازنے سیلاب میں معاونت پر پاکستان نیوی کو خراج تحسین پیش کیا، مریم نواز نے وفد کے شرکا کے سوا لات کے خوش دلی سے جوابات دئیے، وزیراعلیٰ نے کہا بیٹیوں کو مواقع دیں، اعتماد اور حوصلہ دیں، وہ آگے بڑھیں گی اور ترقی کریں گی،ایک آفیسر کے سوال پرمریم نوازنے جواب میں کہا قوم کو تقسیم کرنے والوں کو ووٹ نہ دیں، ووٹ خدمت اورکام پر دیں، وزیراعلیٰ نے خاتون نیول افسر کے سوال پر جواب میں کہا ہراسمنٹ پر زیروٹالرنس ہے، پنجاب کو خواتین کےلئے محفوظ تر بنانا چاہتے ہیں، پنجاب میں دوسروں صوبوں سے آنےوالے لاکھوں لوگوں کی میزبانی کررہے ہیں، معاشی بہتری کی وجہ سے حالات روز بروز بہتر ہورہے ہیں،خوشحالی کی منزل کی طرف گامزن ہیں، لاہور میں دنیا کا سب سے بڑا 1000بیڈ کا سرکاری کینسر ہسپتال 10ماہ میں مکمل ہوگا،پنجاب کی پہلی فضائی کمپنی ایئر پنجاب بھی جلد لانچ کی جارہی ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا پنجاب کی 15 سروس پاکستان کا سب سے بڑا کال سینٹر ہے، پنجاب میں کرائم میں 70فیصد تک کمی آچکی ، 16 ڈسٹرکٹ میں کرائم زیرو کی سطح پر پہنچ گیا ،کمانڈانٹ پاکستان نیوی وارکالج ریئرایڈمرل سہیل احمد عزمی نے حکومت پنجاب کی غیر معمولی کامیابیوں کو سراہا،وفد میں سعودی عرب کے 12نیول آفیسر،بحرین،بنگلہ دیش، انڈونیشیا، عراق، اردن، ملائیشیا، نائیجیریا، عمان، فلسطین، ساتھ افریقہ، ترکی، یواے ای اور یمن کے افسران شامل تھے۔

علاوہ ازیں مریم نواز نے سیاحت کے عالمی دن پراپنے پیغام میںکہاسیاحت کا عالمی دن منانے کا مقصد مقامی و عالمی سطح پر سیاحت کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے، دنیا میں بے شمار ممالک سیاحت کے ذریعے اپنی معیشت کو تقویت دے رہے ہیں ،پنجاب سیاحتی لحاظ سے مالا مال ہے،پنجاب کی خوبصورتی اپنی مثال آپ ہے ،پنجاب میں سیاحوں کے تحفظ، آسانی اور آسائش کے لیے مزید کام کرنے کی ضرورت ہے ، حکومت سیاحوں کو ہر ضروری سہولت فراہم کر رہی ہے، پنجاب کی سیاحتی پوٹینشل سے مزید استفادہ کرنے کےلئے منصوبہ بندی کے تحت اقدامات کر رہی ہے،سیاحت بہترین ذریعہ معاش ہے، مقامی لوگوں کو روزگار فراہمی میں اہم کردار ادا کرے گی۔