امریکہ پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے تیار ،صدر ٹرمپ نے کمپنیوں کو ہدایت کردی،وزیراعظم
نیویارک،نیوجرسی :(خواجہ فاروق)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کےساتھ ملاقات بہت حوصلہ افزا رہی،امریکہ تجارت، آئی ٹی و دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کیلئے تیار ہے،ٹرمپ نے کمپنیوں کو پاکستان میں فوری سرمایہ کاری کرنے کی ہدایت کردی۔
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا امریکی صدر سے معیشت، انسداد دہشتگردی، معدنیات، اے آئی، آئی ٹی، کرپٹو پر بات ہوئی،ٹیرف کے معاملے پر شکریہ ادا کیا، پاکستان ،امریکہ کے درمیان معدنیات کی قیمت کا مناسب تعین ہوگا، تجارتی معاہدے باہمی مفادات کے تحت ہوں گے،صدر ٹرمپ امن چاہتے ہیں ،پاک بھارت جنگ بندی کے قیام میں بھی کردار قابل تعریف رہا ۔
وزیراعظم نے کہا سعودی عرب میں پرتپاک استقبال 40 برس میں اپنی مثال آپ ہے،فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں پاک فوج نے دانشمندی ، حکمت عملی سے بھارت کو شکست دی،میں نے کہا جنگ جیت لی، طیارے گرا دیئے، ہرجگہ حملے کیے،دشمن کادماغ چکرا دیااب آگے نہیں جانا اور جنگ بندی قبول کرلی، اقتدار سنبھالا تو معاشی چیلنجز تھے،معیشت بتدریج بہتری کی جانب گامزن ہے ،ڈیڑھ سال میں مہنگائی سنگل ڈیجٹ میں آگئی ،بنگلہ دیش کےساتھ تعلقات میں بھی مسلسل بہتری آ رہی ہے ،تجارت و سفارت دونوں سطحوں پر مثبت پیشرفت جاری ہے،سمندرپار پاکستانی عظیم سفیر ہیں، 2024-25میں ساڑھے 38 ارب ڈالر بھجوائے۔
دریں اثناجنرل اسمبلی سے خطاب کے فوری بعد ملک میں حالیہ سیلابی صورتحال اور بحالی اقدامات کیلئے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا سیلاب زدہ علاقوں میں متاثرین کی بحالی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے،جنرل اسمبلی میں موسمیاتی تبدیلی کے مضر اثرات کی لپیٹ میں پاکستانیوں کی آواز دنیا تک پہنچائی،پاکستان جیسا ترقی پذیر ملک موسمیاتی تبدیلی سے آنے والی قدرتی آفات سے مسلسل متاثر ہو رہا ہے۔
شہبازشریف نے سیلاب متاثرین کیلئے ریلیف و بحالی کی کارروائیاں تیز ، چیئرمین این ڈی ایم اے کو صوبوں ،پی ڈی ایم ایز کو مکمل تعاون فراہم ، ہنگامی بنیادوں پر متاثرہ علاقوں میں نقصانات کا تخمینہ مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاسیلاب کے بعد فصلوں و بنیادی ڈھانچے کو پہنچنے والے نقصانات کا تخمینہ جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ امدادی کارروائیوں و بحالی کیلئے جامع منصوبہ بندی میں آسانی ہو،موٹروے پر جلال پور پیر والا کے مقام پر پڑنے والے شگاف کی فوری مرمت کی جائے،سیکرٹری مواصلات ، چیئرمین این ایچ اے فوری ایم5کے متاثرہ حصے پر پہنچ کر نقصان کا جائزہ لیں،پانی سے پھیلنے والی بیماریوں سے بچا ﺅ کیلئے تمام تر ضروری اقدامات کیے جائیں۔
علاوہ ازیں وزیر اعظم شہبازشریف نے پاکستانی بیف کی ملائیشیا برآمد کیلئے متعلقہ اداروں کوٹھوس لائحہ عمل تشکیل دے کر پیش کرنے کی ہدایت کردی،اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے شہبازشریف نے کہاپاکستان ،ملائیشیا کے مابین دیرینہ برادرانہ تعلقات دہائیوں پر محیط ہیں،ملائیشیا نے پاکستان کا ہر مصیبت میں ساتھ دیا،قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں،پاک ملائیشیا تجارت کیلئے بے پناہ استعداد موجود ہے ،بھرپور فائدہ اٹھانے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔



















