آئی ایم ایف سیلاب کے معاشی اثرات کو بھی جائزے میں شامل کرے،وزیراعظم


نیویارک: (بیورورپورٹ) وزیر اعظم شہبازشریف نے کہاہے وعدے پورے کر رہے ہیں،آئی ایم ایف سیلاب کے معاشی اثرات کو بھی جائزے میں شامل کرے،پائیدار اصلاحات کے نتیجے میں معیشت میں بہتری کے آثار نمایاں ،ملک بحالی کی راہ پر گامزن ہے۔

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 80ویں اجلاس کے موقع پر شہباز شریف سے ورلڈ بینک گروپ (ڈبلیو بی جی) کے صدر اجے بنگا ،عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کی سربراہ کرسٹالینا جارجیوا نے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں، پاکستان میں جاری ترقیاتی منصوبوں، اصلاحات و مستقبل کی شراکت داری پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم نے سربراہ آئی ایم ایف کرسٹالینا جارجیوا سے کہا پاکستان وعدے پورے کر رہا ہے،آئی ایم ایف کی دیرینہ تعمیری شراکت کو سراہتے ہیں، سیلاب کے معاشی اثرات کو بھی جائزے میں شامل کیاجائے، حکومتی پائیدار اصلاحات کے نتیجے میں معیشت میں بہتری کے آثار نمایاں ہو رہے ہیں ،ملک بحالی کی راہ پر گامزن ہے۔

آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر نے سیلاب متاثرہ لوگوں سے ہمدردی کا اظہارکرتے ہوئے بحالی کے مو¿ثر اقدامات کےلئے نقصانات کے تخمینے کی اہمیت کو اجاگر کیا اورمضبوط میکرو اکنامک پالیسیوں پر عمل کرنے کےلئے وزیر اعظم کے عزم کی تعریف کرتے ہوئے مسلسل حمایت کا اعادہ کیا۔

دریں اثنا وزیراعظم نے عالمی بینک کے صدر اجے بنگا سے ملاقات میں کہااصلاحاتی ایجنڈے نے پاکستان میکرو اکنامک استحکام کی طرف گامزن ، سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ،پائیدار اور جامع اقتصادی ترقی کو فروغ دیا،ورلڈ بینک کاکنٹری پارٹنرشپ فریم ورک قابل تعریف ہے،صدر ورلڈ بینک نے اصلاحاتی اقدامات کو سراہتے ہوئے ترقیاتی ایجنڈے کےلئے تعاون کے عزم کا اعادہ کیا۔

علاوہ ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے آسٹریا کے فیڈرل چانسلر کرسٹین سٹاکر ا،کویت کے ولی عہد شیخ صباح الخالد الحمد المبارک سے ملاقاتوں میں جرمن ،عربی زبان میں گفتگو کی ،دوستانہ و خوشگوار جملوں کا تبادلہ ہوا، آسٹریا کے فیڈرل چانسلر کےساتھ جرمن زبان میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے 1980 کے عشرے میں اپنے دورہ آسٹریا کی یادیں تازہ کیں، کویت کے ولی عہد کے ساتھ عربی میں بات چیت کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان ،کویت کی دیرینہ دوستی ،شراکت داری کا حوالہ دیتے ہوئے دونوں ممالک کی دوستی کو دائمی و لازوال قرار دیا۔