مزید فلسطینی شہید،غزہ کی صورتحال موت و تباہی کی بدترین سطح ہے ،اقوام متحدہ


غزہ،تل ابیب،نیویارک،پیرس:(مشرق نیوز)اسرائیلی بمباری،بچوں سمیت مزید در جنوں فلسطینی شہید ہوگئے،اسرائیلی فضائیہ نے خان یونس میں بے گھر فلسطینیوں کے خیموں کو نشانہ بنایا۔

ادھر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا دنیا کو اسرائیل ، مقبوضہ مغربی کنارے کے مرحلہ وار الحاق سے خوفزدہ نہیں ہونا چاہیے،غزہ کی صورتحال موت و تباہی کی بدترین سطح ہے ،قحط، صحت کی سہولیات کا مکمل فقدان اور مناسب پناہ گاہوں کے بغیر زندگی گزارنے جیسے حالات فلسطینی عوام کے مصائب کو بیان نہیں کر سکتے،عالمی برادری کو متحرک کر کے دباﺅ ڈالنا ناگزیر ہے تاکہ مزید تباہی کو روکا جا سکے۔

دریں اثنایورپی ملک پرتگال نے فلسطین کو ریاست تسلیم کرنے کا اعلان کر دیا،وزارت خارجہ اعلان کیا جنرل اسمبلی میں اعلیٰ سطح کا وفد فلسطینی ریاست کو باضاطہ طور پر تسلیم کرنے کا اعلان کرےگا۔

مزید برآں فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون کا سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ٹیلی فونک رابطہ ہوا،فلسطین کے دو ریاستی حل پر تبادلہ خیال کیا گیا،ایمانوئل میکرون نے کہا دوریاستی حل کیلئے 142 ممالک کی جانب سے اقوام متحدہ کا اعلامیہ اپنانا امن کیلئے سنگ میل اورمشرق وسطیٰ میں دیرپا امن و سلامتی کی طرف اہم موڑ ہے،فرانس ،سعودی عرب پیر کو دوریاستی حل پر کانفرنس کی مشترکہ صدارت کریں گے، کانفرنس بین الاقوامی برادری کو متحرک کرنے میں مزید قدم اٹھانے کے قابل بنائے گی،2قومیں ، 2ریاستیں سب کےلئے امن و سلامتی کا باعث ہوں گی۔

قبل ازیں فرانسیسی صدر دفتر نے اعلان کیاکانفرنس میں 10ممالک فلسطین کو ریاست تسلیم کر یں گے،اعلان باضابطہ طور پر کانفرنس میں کیا جائے گا، ملکوں میں فرانس، برطانیہ، آسٹریلیا، کینیڈا، بلجیم، لکسمبرگ، پرتگال، مالٹا، انڈورا اور سان مارینو شامل ہیں،فرانس نے خبردار کیا اسرائیل اگر مغربی کنارے کو ضم کرنے کی طرف بڑھتا ہے تو واضح ریڈ لائن ہوگی ،بین الاقوامی قانون کی سب سے بڑی خلاف ورزی تصور کیا جائے گا، اسرائیل سے فوری اقدامات کا مطالبہ کریں گے تاکہ فلسطینی اتھارٹی کا نظام ختم نہ ہو، مستقبل کی فلسطینی ریاست کی سرحدیں سال 1967 کی بنیاد پر ہوں گی۔