اسلام آباد: (بیورورپورٹ) وزیراعظم شہباز شریف نے سیلاب متاثرین کیلئے ریلیف پیکیج کااعلان کرتے ہوئے گھریلو صارفین کے ایک ماہ کے بجلی بل معاف کردئیے۔
قوم سے خطاب کرتے ہوئے شہبازشریف نے کہا سیلاب سے ملک کے مختلف علاقوں میں بہت تباہی ہوئی ، جانی کےساتھ لوگوں کے مال مویشی ،گھروں کو بے پناہ نقصان پہنچا ،سیلاب زدہ علاقوں میں گھریلو صارفین کے اگست کے بل معاف کیے جارہے ہیں،ادائیگی کرنےوالوں کو رقم واپس کی جائےگی،بجلی تقسیم کار کمپنیوں کوواضح ہدایت جاری کردی۔
وزیراعظم نے کہا سیلاب متاثرین کی مدد کرنا ذمہ داری ہے، بجلی بلوں کی ادائیگی وفاقی حکومت اپنے وسائل سے کرے گی،بجلی بلوں کی ادائیگی کوئی احسان نہیں بلکہ سیلاب متاثرین کا حق ہے، وفاقی ،صوبائی حکومتیں، عوام ، فوج ملکر سیلاب متاثرہ آبادیوں میں اشیائے خورونوش و صحت کےلئے ریسکیو ،ریلیف آپریشن جاری رکھے ہوئے ہیں،سیلاب زدہ علاقوں میں زرعی، کمرشل وصنعتی شعبے سے وابستہ بجلی صارفین کے نقصانات کا تفصیلی تخمینہ لگایا جارہا ہے،اگست کے بجلی بلوں کی وصولی فی الفور موخر کردی ،صارفین کے نقصانات کا تخمینہ زیادہ نکلا تو مزید ریلیف دینے کیلئے اقدامات کیے جائیں گے۔
شہبازشریف نے کہا میرے بزرگ، مائیں بہنیں ،بیٹیاں کھلے آسمان تلے مشکلات کا شکار ،صورتحال سے بخوبی واقف ہیں، پیکیج آپ کے خادم پاکستان کی جانب سے حقیر سی کوشش ہے جو یقینی طور پر متاثرین کی مشکلات میں کمی کا باعث بنے گی،ایک بار پھر سیلاب متاثرہ علاقوں کی مکمل آباد کاری کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے یقین دلاتے ہیں تب تک چین سے نہیں بیٹھیں گے جب تک سیلاب سے متاثرہ ہر شخص کو گھر میں دوبارہ آباد نہ کرلیں۔
سیلاب متاثرین کیلئے ریلیف پیکیج ،اگست کے بجلی بل حکومت ادا کرے گی،وزیراعظم



















