وزیراعظم،فیلڈ مارشل کادورہ بنوں،خارجی یا پاکستان،افغانستان ایک انتخاب کرلے، شہباز

بنوں:(بیورورپورٹ)وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے افغانستان کو واضح کردیا خارجیوں ،پاکستان میں سے ایک کا انتخاب کر لے،دہشتگردی کا بھرپور جواب جاری رہے گا، معاملے میں کسی قسم کا کوئی ابہام برداشت نہیں کرینگے۔

شہباز شریف ،فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بنوں کا دور ہ کیا،انسداد دہشتگردی کے اعلیٰ سطحی اجلاس اور جنوبی وزیرستان آپریشن میں شہید ہونےوالے جوانوں کی نماز جنازہ میں شرکت کی، سی ایم ایچ میں زخمی جوانوں کی عیادت کرتے ہوئے بلند حوصلے کو سراہا،پشاور کے کور کمانڈر نے علاقے کی سکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دی۔

وزیراعظم نے کہا پاکستان میں دہشتگردی کرنےوالوں کے سرغنہ و سہولت کار افغانستان میں موجود ہیں ، پشت پناہی ہندوستان کر رہا ہے، افغانستان کو واضح کر دیا خارجیوں ، پاکستان میں سے ایک کا انتخاب کر لے،دہشتگردی کے واقعات میں افغان باشندے ملوث ہیں ،غیر قانونی طور پر پاکستان میں مقیم افغان باشندوں کا جلد انخلا انتہائی اہم ہے۔

شہبازشریف نے کہا افغان حکومت پاکستان کےساتھ تعلقات قائم کرنا چاہتی ہے تو ایمانداری و سچائی کےساتھ قائم کرے، تیار ہیں تاہم اگر افغان حکومت کو دہشتگردوں کا ساتھ دینا اورپشت پناہی کرنی ہے توپھر عبوری حکومت سے کوئی سروکار نہیں، پاک افواج فیلڈ مارشل کی سربراہی میں ہر صورت دہشتگردوں کا خاتمہ کریں گی،ملک میں امن ہو گا تو ترقی و خوشحالی ہوگی، خدانخواستہ امن تباہ ہوگیا تو نہ ملک میں ترقی ہو گی نہ ہی خوشحالی۔

وزیراعظم نے کہا ملک کے بہترین مفاد میں فیصلے کریں گے، جلد کابینہ کے پاس فیصلوں کو لےکر جاوں گا،بحث کے بعد حتمی فیصلہ کر کے فوری عمل درآمد کیا جائےگا،پاکستانی قوم دہشتگردی کے معاملے پر سیاست و گمراہ کن بیانیے کو مکمل رد کرتی ہے، خارجیوں ،بھارتی دہشتگرد پراکسیوں کی سہولت کاری یا معاملہ فہمی کی بات کرنیوالا انہی کا آلہ کار ہے، آلہ کاروں کو بھی اسی زبان میں جواب دیا جائےگا جس کے حق دار ہیں۔

شہبازشریف نے کہا پاکستان خصوصاً کے پی کے غیور عوام ریاست و افواج پاکستان کےساتھ بھارتی پراکیسزکیخلاف متحد ہیں ، بالکل اسی طرح جیسے پوری پاکستانی قوم بنیان مرصوص میں متحد تھی ، دہشتگردی کیخلاف مزید موثر جواب کیلئے جو بھی ضروری انتظامی وقانونی اقدامات کرنا پڑے فوراً کریں گے۔