ملتان (مشرق نیوز) دریائے چناب اور دریائے ستلج نے تحصیل جلال پور پیر والہ میں تباہی مچا دی، سیلاب سے سینکڑوں بستیاں متاثر ہوئی ہیں اور پانی شہر میں داخل ہونےکا خدشہ ہے، شہر خالی کرانے کیلئے مساجد سے اعلانات کئے گئے، پنجاب کی صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے کہا ہے کہ پنجاب کے دریاوں میں طغیانی کی صورتحال برقرار ہے۔ملتان کی تحصیل جلالپور پیروالا میں رات بھر جاری رہنے والا آپریشن اب بھی جاری ہے جبکہ انتظامیہ، ریسکیو ٹیمیں، پولیس، سول ڈیفنس اور دیگر ادارے سرگرم عمل ہیں۔
ضلع انتظامیہ کا کہنا ہے کہ دریائے چناب اور دریائے ستلج نے تحصیل جلالپور پیر والہ میں تباہی مچا دی، سیلاب سے سینکڑوں بستیاں متاثر ہوئی ہیں اور پانی شہر میں داخل ہونےکا خدشہ ہے، شہر خالی کرانے کیلئے مساجد سے اعلانات کئے گئے۔ ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اگلے 24 گھنٹے میں دریائے چناب کا سیلاب دوبارہ ملتان کا رخ کرےگا، ہیڈ محمد والہ پر اس وقت پانی معمول کے مطابق ہے، حفاظتی بندوں پر پانی کے دباو میں کمی واقع ہوئی ہے، بندوں کےاطراف متعدد بستیوں میں پانی موجود ہے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق متاثرہ بستیوں سے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا ہے، دوسرے ریلے کے پیش نظر حفاظتی بندوں کی کڑی نگرانی جاری ہے۔ کمشنر عامر کریم خان کا کہنا ہے کہ سیلاب سے متاثرہ تمام افراد کے انخلا کے لیے ریسکیو آپریشن جاری رہیگا، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز براہ راست آن لائن مانیٹرنگ کر رہی ہیں، شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے، مشکل وقت ہے، سب ادارے مل کر کام کر رہے ہیں، ریسکیو آپریشن آخری متاثرہ شخص کے بچانے تک جاری رہیگا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر اپنے پیغام میں کہا کہ جلالپور پیر والا میں پی ڈی ایم اے، ریسکیو اور ضلعی انتظامیہ موقع پر موجود ہیں، تقریباً 2 ہزار افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ جلالپور پیروالا، ملتان میں ریسکیو آپریشن مکمل انخلا تک جاری رہے گا، آپریشنز کو تھرمل امیجنگ ڈرونز کے ذریعے باریک بینی سے مانیٹر کیا جا رہا ہے۔
ادھر جھنگ میں ہیڈ تریموں پر انتہائی اونچے درجے کے سیلاب کے باعث متعدد علاقے پانی کی لپیٹ میں آگئے، ضلع بھر میں سیلاب سے اب تک 304 دیہات متاثر ہوچکے ہیں جبکہ 3 لاکھ 87 ہزار افراد محفوط مقامات پر نقل مکانی کر چکے ہیں، گزشتہ روز سے وقفے وقفے سے جاری بارش نے سیلاب متاثرین کی مشکلات بڑھا دیں، اقوام متحدہ کے وفد نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور متاثرین سے بھی ملاقات کی۔
دریں اثنا، منڈی بہاالدین میں دریائےچناب پر ہیڈ قادرآباد بیراج کے مقام پر سیلابی صورتحال برقرار ہے، بیراج کے قریبی علاقوں میں سیلابی ریلے نے تباہی مچادی، سیلاب سے 70 دیہات اور 1 لاکھ سے زائد آبادی متاثر ہوئی، سیلاب میں پھنسے 3 ہزار 665 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا جبکہ سیکڑوں ایکڑ اراضی پر کھڑی فصلیں سیلابی ریلے میں بہہ گئیں۔
ادھرپی ڈی ایم اے پنجاب نے کہا ہے کہ صوبے کے دریاو¿ں میں طغیانی کی کیفیت برقرار ہے، دریائے ستلج گنڈا سنگھ والا پرانتہائی اونچے درجے کا سیلاب ہے جہاں پانی کا بہاو¿ 3 لاکھ 19 ہزار کیوسک ہے، جبکہ دریائے ستلج پر ہیڈ سلیمانکی کے مقام پر اونچے درجے کا سیلاب ہے اور پانی کا بہاو¿ ایک لاکھ 35 ہزار کیوسک ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے چناب پر ہیڈ مرالہ کے مقام پر پانی کا بہاو 84 ہزار کیوسک، خانکی ہیڈ ورکس کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب اور پانی کا بہاو ایک لاکھ 47 ہزار کیوسک جبکہ قادر آباد کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب اور پانی کا بہاو ایک لاکھ 47 ہزار کیوسک ہے۔
پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق دریائے چناب پر ہیڈ تریموں کے مقام پر انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ہے جہاں پانی کا بہاو 5 لاکھ 43 ہزار کیوسک ہے۔پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے راوی میں جسڑ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب اور پانی کا بہاو45 ہزار کیوسک ہے، جبکہ شاہدرہ کے مقام پر اونچے درجے کا سیلاب اور پانی کا بہاو 90 ہزار کیوسک ہے۔
ادھر گھوٹکی میں دریائے سندھ میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہونے کے باعث کچے کے مزید علاقے زیرآب آگئے، دریائے سندھ میں گھوٹکی کے مقام پر گزشتہ 24گھنٹوں میں 10 ہزار 600 کیوسک کا اضافہ ہوا، سیلاب سے متاثرہ علاقوں سے لوگوں کو کشتیوں کے ذریعے محفوظ مقامات پر منتقل کیا جارہا ہے۔ تاہم کوٹری بیراج کے مقام پر سیلابی پانی میں ایک بار پھر کمی واقع ہوئی ہے، بیراج انتظامیہ کے مطابق دریائے سندھ اپ اسٹریم میں پانی 2 لاکھ 36 ہزار 113 کیوسک ریکارڈ کیا گیا جبکہ ڈاون اسٹریم میں 2 لاکھ 31 ہزار 763 کیوسک پانی ریکارڈ کیا گیا۔ انتظامیہ کے مطابق کوٹری بیراج سے نکلنے والی 4 نہروں سے پانی اخراج کیا جارہا ہے، کراچی جانے والی کے بی فیڈر نہر میں پانی میں اضافہ کیا گیا ہے، کے بی فیڈر میں 2100 کیوسک پانی اخراج کیا جارہا ہے۔
چناب، ستلج نے جلالپور پیر والہ میں تباہی مچا دی، سینکڑوں بستیاں متاثر، شہر ڈوبنے کا خدشہ



















