وقت سیاست کا نہیں، اگلے 24 سے 48 گھنٹے بہت اہم ہیں: عظمیٰ بخاری

لاہور(اپنے رپورٹر سے)وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے موجودہ سیلاب کو ماہرین نے سپر فلڈ قرار دیا، اگلے 24 سے 48 گھنٹے بہت اہم ہیں،عظمیٰ بخاری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا بھارت کی جانب سے پانی چھوڑے جانے سے غیر معمولی صورتحال پیدا ہوئی، دریائے راوی، چناب اور ستلج میں ایک ہی وقت میں سیلاب آیا، ساہیوال، ملتان، جھنگ سمیت دیگر علاقے ہائی الرٹ پر ہیں،، پنجاب میں سیلاب زدہ علاقوں میں ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن جاری ہے، بھارت نے دریائے ستلج میں ایک اور سیلابی ریلا چھوڑا ، تھرمل ٹیکنالوجی اور ڈرونز کے ذریعے ہزاروں لوگوں کو ریسکیو کیا گیا، بارشوں اور سیلاب سے 510 شاہراہیں اور 64 پل متاثر ہوئے، 50 سے زائد شاہراہوں اور 40 پلوں کو بحال کر دیا گیا ہے، بروقت انتظامات کی وجہ سے زیادہ جانی نقصان نہیں ہوا،پنجاب حکومت سیلاب متاثرین کی بحالی تک انہیں تنہا نہیں چھوڑے گی جن علاقوں سے پانی اتر گیا ہے وہاں نقصانات کا تخمینہ لگانے کی ہدایات کر دی ہیں، موبائل ٹوائلٹس کی فراہمی بھی یقینی بنائی جا رہی ہے، ڈیمز پر سیاست کو ختم کر کے ہم سب کو ایک ٹیبل پر بیٹھ پر اپنے لوگوں کو بچانا ہوگا، یہ وقت سیاست کا نہیں،وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا بہت سارے مویشی سیلاب میں بہہ کر دوسرے مقامات پر پہنچ جاتے ہیں، انسانوں کے ساتھ ساتھ مویشیوں کو بھی بچایا جا رہا ہے، مویشیوں کی مالکان کو حوالگی کےلئے لوسٹ اینڈ فائنڈ ڈیپارٹمنٹ بنا دیا، فضول باتوں کے جواب دینے کا وقت نہیں، دو ٹوک کہہ سکتی ہوں ہمارے دور میں کوئی این او سی کسی بھی غیر قانونی طور پر آباد سوسائٹی کو نہیں دیا گیا، پورے پنجاب میں ڈپٹی کمشنر کو کہا ہے تیاری کر کے لائیں ریور بیڈ پر کون کون سی آبادیاں قانونی ہیں، کون سی غیرقانونی ہیں، قانونی آبادیوں کا کیا اسٹیٹس ہے، پنجاب حکومت ماسٹر پلان کے تحت کام کریں گی۔