پیشگی حفاظتی انتظامات، پنجاب بڑے جانی نقصان سے بچ گیا: مریم اورنگزیب

لاہور (اپنے رپورٹر سے) سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے پنجاب میں 3 دریاوں کے سیلابی پانی سے 2 ہزار موضع جات، 15 لاکھ 16 ہزار 603 لوگ متاثر ہوئے ہیں، جاں بحق افراد کی تعداد 30 ہو گئی، وزیراعلیٰ مریم نواز مشکل کی گھڑی میں عوام کےساتھ ہیں، عوام کی خدمت اور مدد کا تاریخی ریلیف آپریشن وزیراعلیٰ کی براہ راست نگرانی میں تیزی سے جاری ہے، تمام ادارے ایک مٹھی بن کر عوام کی مدد میں سرگرم عمل ہیں، وزیراعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر وزرا، ارکان اسمبلی، ضلعی انتظامیہ، ریسکیو 1122، پولیس، سول ڈیفنس سمیت تمام ادارے امدادی کاموں میں مصروف ہیں، پنجاب کی تاریخ کے تباہ کن سیلاب میں عوام کی جان بچانے اور محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا گرینڈ ریسکیو آپریشن پوری رفتار، مشینری اور وسائل سے جاری ہے،مریم اورنگزیب نے کہا وزیراعلیٰ مریم نواز کے پیشگی حفاظتی انتظامات اور تجاوزات کے خلاف آپریشن کی وجہ سے تاریخ کے اتنے بڑے سیلاب میں بڑے جانی نقصان سے پنجاب بچ گیا،موسمیاتی تبدیلی تباہی میں بدل چکی ہے، پیشگی خبردار کرنے والے جدید ترین نظام پنجاب میں لائیں گے، سیلاب سے بحالی کے بعد تجاوزات کے خاتمے کا آپریشن ہوگا،حالیہ سیلاب میں ہونے والے تجربات کی روشنی میں جامع حکمت عملی تیار کریں گے، ریسکیو اور ریلیف میں دن رات کام کرنے والے ہمارے ہیروز ہیں، متاثرین کی بحالی اور نقصانات کا ازالہ اولین ترجیح ہے۔