حکومت امریکی سرمایہ کاروں کو ہرممکن سہولت فراہم کریگی: محسن نقوی

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے امریکہ کی قائم مقام سفیر نیٹلی بیکر نے دوبارہ ملاقات کی جس میں دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ امور، دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا،ملاقات میں پاکستان کو امریکہ میں مطلوب شہریوں کے حوالے سے بھی گفتگو ہوئی جبکہ بارڈر سکیورٹی، انسداد منشیات، کوسٹ گارڈز اور فرانزک کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا،قائم مقام امریکی سفیر نیٹلی بیکر نے خیبرپختونخوا اور پنجاب میں سیلاب سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر افسوس کا اظہار کیا اور متاثرین سے ہمدردی ظاہر کی،محسن نقوی نے کہا امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے پاکستان میں تیل کے ذخائر بڑھانے کے لیے مشترکہ کوششوں کا بیان خوش آئند ہے، امریکی سرمایہ کار پاکستان میں تیل سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں اور حکومت ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی،نیٹلی بیکر نے کہا امریکہ پاکستان کے ساتھ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے، پاکستان کے ساتھ تعاون کے نئے مواقع تلاش کیے جا رہے ہیں،دوسری جانب وزیر داخلہ محسن نقوی سے برطانوی نژاد پاکستانی بزنس مین وسیم اسلم نے ملاقات کی جس دوران بزنس مین نے سیلاب متاثرین کےلئے ایک کروڑ روپے کا چیک وزیر داخلہ کے حوالے کیا،محسن نقوی نے کہا حکومت متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑے گی ، وسیم اسلم کی جانب سے دیا گیا عطیہ وزیراعظم فلڈ ریلیف فنڈ میں جمع کرایا جائے گا۔