وزیر زراعت کا دریائے راوی میں داد بلوچ کا دورہ
ساہیوال (چوہدری اشرف سے) صوبائی وزیر زراعت سید عاشق حسین کرمانی نے دریائے راوی میں داد بلوچ کے مقام کا دورہ کیا۔انہوں نے دریا میں ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر جاری کٹاو کے خطرات اور بچاو کے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل اور ڈپٹی کمشنر شاہد محمود بھی انکے ہمراہ تھے۔ایری گیشن حکام نے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ممکنہ خطرات سے نمٹنے کیلئے بھاری مشینری اور سینڈ بیگز موقع پر موجود ہیں۔کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے بتایا کو ڈویژنل انتظامیہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کو اوّلین ترجیح دے رہی ہے اور تمام ادارے ریلیف سرگرمیوں کی براہِ راست نگرانی کر رہے ہیں۔ صوبائی وزیر نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ کٹاو روکنے کیلئے مشینری اور افرادی قوت کی دستیابی یقینی بنائی جائے اور ممکنہ خطرات پر کڑی نظر رکھی جائے۔ ڈپٹی کمشنر شاہد محمود کا کہنا تھا کہ ضلعی انتظامیہ نے قبل از وقت حفاظتی اقدامات کو حتمی شکل دے دی ہے۔ متاثرہ علاقوں کے قریب ریلیف سرگرمیوں کو مزید تیز کیا جا رہا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں بروقت مدد فراہم کی جا سکے۔دریا کے بیڈ میں رہنے والے علاقہ مکینوں کو محفوظ جگہ پر منتقل ہونے کی ہدایت کی ہے۔صوبائی وزیر عاشق حسین کرمانی نے مزید کہا کہ عوام کو محفوظ رکھنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔اس موقع پر آر پی او محبوب رشید، ڈی پی او رانا طاہر رحمان، اے ڈی سی آر، ڈائریکٹر ایگریکلچر اور محکمہ ایری گیشن کے افسران بھی ہمراہ تھے۔



















