یہ سیاست کا نہیں، متحد ہوکر بہتر سے بہتر کام کرنے کا وقت ہے:وفاقی وزیر مواصلات

ا سلام آباد (بیورو رپورٹ) وفاقی وزیر مواصلات اور صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ یہ سیاست کا نہیں متحد ہو کرسیلاب اور موجودہ غیر متوقع صورتحال کا سامنا کرنے اور بہتر سے بہتر کام کرنے کا وقت ہے۔جمعرات کو وفاقی وزیر نے دریائے راوی کی تازہ ترین صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے دورہ کیا اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ سیاست کا نہیں بلکہ پوری قوم کے متحد ہو کرسیلاب اور موجودہ غیر متوقع صورتحال کا سامنا کرنے اور بہتر سے بہتر کام کرنے کا وقت ہے۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ ہمیں اپنے سیاسی اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر مشکلات میں گھرے عوام کوریلیف فراہم کرنا ہے۔ وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے اس امر کو خوش آئند قرار دیا کہ خیبر پختونخوا اور سندھ کے وزراءاعلیٰ نے پنجاب میں سیلاب سے پید اصورتحال میں نہ صرف خیر سگالی کے جذبات کا اظہار کیا ہے بلکہ اپنی صوبائی حکومتوں کی طرف سے مدد کی بھی پیشکش کی ہے۔ اسی طرح جب گلگت بلتستان کو سیلاب اور بارشوں کا سامنا تھا تو پنجاب کی طرف سے بھی اسی طرح کی مثبت سرگرمی دیکھنے میں آئی تھی جو ملکی سطح پر اتحاد کا مظہر ہے۔ وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اس امر کا یقین دلایا کہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی اور محکمہ مواصلات ملک بھر میں شاہراہوں کی دیکھ بھال اور فوری تعمیر و مرمت میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھے گا اور جہاں جہاں بھی سڑکوں کو نقصان پہنچا ہے فوری طور پر بحالی کی کارروائیاں شروع ہو جائیں گی۔ انہوں نے پنجاب حکومت اور متعلقہ انتظامی اداروں کی جانب سے صوبے کے مختلف اضلاع میں سیلاب کی قبل از وقت تیاریوں کو سراہا جس سے لوگوں میں آگاہی پیدا کرنے اور نقصانات میں کمی لانے میں مدد ملی ہے۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ دریائے راوی میں پہلے کبھی اس قدر پانی نہیں دیکھا گیا، یہ غیر معمولی صورتحال ہے اور ہم سب مل کر اس سے احسن انداز میں نمٹیں گے۔ وفاقی وزیر نے ریسکیو سروسز اور تمام اداروں کی تیاری اور بر وقت کارروائیوں کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ آئندہ 24گھنٹے بھی خیریت سے گزریں گے اور دریائے راوی کے اطراف بالخصوص شاہدرہ کے عوام کو مشکلات کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔