لودھراں ، عوام ایکسپریس کی بوگیاں الٹ گئیں،ایک مسافر جاں بحق،متعدد زخمی

لودھراں،لاہور:(بیورورپورٹ،اپنے نمائندے سے)ایک اور ٹرین حادثہ،لودھراں میں عوام ایکسپریس کی6 بوگیاں پٹڑی سے اتر کر الٹ گئیں،ایک مسافر جاں بحق،متعدد زخمی ہوگئے۔

پشاور سے کراچی جانے والی عوام ایکسپریس لودھراں جنکشن پر رک نہ سکی اور ٹریک پر پہلے سے کھڑی مال گاڑی کے انجن سے جا ٹکرائی،عینی شاہدین کے مطابق حادثے کے بعد موقع پر خوفناک مناظر دیکھنے میں آئے، مسافروں کی چیخ و پکار سے فضا گونج اٹھی، بوگیوں میں پھنسے افراد کو نکالنے کےلئے فوری ریسکیو آپریشن کیا گیا،ریسکیو حکام نے زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا ،متعدد زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔

اسسٹنٹ کمشنر ارم شہزادی نے ڈی ایچ کیو ہسپتال میں ٹرین حادثے کے زخمی مسافروں کی عیادت کی،ناشتہ بھی فراہم کیا،ڈپٹی کمشنر لودھراں جائے حادثہ پر ریسکیو آپریشن کی نگرانی کرتے رہے ،جاں بحق مسافر کی شناخت وقاص کے نام سے ہوئی ،خوشاب کا رہائشی تھا، حادثے کے باعث ریلوے ٹریک بند ہونے سے متعدد ٹرینیں تاخیر کا شکار رہیں،مسافروں کو متبادل ٹرین کے ذریعے بھیجا گیا۔

ادھر وزیر ریلوے نے نوٹس لیکر 7 روز میں رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے ہدایت کی متاثرہ مسافروں کو ہر ممکن طبی سہولت فراہم کی جائے، کسی قسم کی غفلت یا تاخیر کو برداشت نہیں کیا جائےگا ،حنیف عباسی نے کہاتحقیقات انتہائی شفافیت و عجلت کےساتھ کی جائیں تا کہ کوتاہی کے ذمہ داروں کو قانون کے تحت مکمل جوابدہ ٹھہرایا جائے،مسافروں کی حفاظت کو یقینی بنانا ترجیح ہے۔

علاوہ ازیں وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کراچی کا دورہ منسوخ کرکے ہیڈ کوارٹرز لاہور میں ہنگامی اجلاس طلب کر لیا ، لودھراں میں جائے حادثہ کا دورہ بھی کریں گے،حنیف عباسی نے کہاکسی کو انسانی جانوں سے کھیلنے کی اجازت نہیں دے سکتے، ذمہ داروں کیخلاف صرف تادیبی کارروائی نہیں سخت ایکشن ہو گا۔

دوسری جانب لودھراں میں عوام ایکسپریس کو پیش آنے والے حادثے کی ابتدائی رپورٹ ریلوے ہیڈکوارٹر کوموصول ہوگئی،جوائنٹ سرٹیفکیٹ میں حادثے کی وجہ ٹرین ڈرائیورکی غفلت بتائی گئی، جوائنٹ سرٹیفکیٹ میں بتایا گیاٹرین اوورشوٹ ہونے کے باعث حادثہ پیش آیا،انجن اوورشوٹ ہونے سے سینڈہمپ سے ٹکرایا، 2کوچزپٹڑی سے اتریں اورلگیج وین سمیت 3الٹ گئیں،ڈرائیورٹرین کو کنٹرول اوربروقت روکنے میں ناکام رہا۔