سیلاب کی تباہ کاریاں،مزید150سے زائد افراد جاں بحق، پاک فوج کا ریلیف آپریشن

پشاور، گلگت، مظفر آباد: (بیورورپورٹ)سیلاب کی تباہ کاریاں،مزید150سے زائد افراد جاں بحق،مجموعی اموات 400تک جاپہنچیں،بالائی علاقوں کا سفر خطرناک ، وزیراعظم کی ہدایت پر ایڈوائزری جاری کردی گئی،ہیلی کاپٹر حادثے پر صوبے میں یوم سوگ منایا گیا، تمام سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم سرنگوں رہا۔

این ڈی ایم اے کے مطابق ملک بھر میں بارشوں،سیلاب کے باعث حادثات میں مزید150 سے زائدافراد لقمہ اجل بنے،جاں بحق ہونےوالوں میں 124 مرد، 16 خواتین اور 11 بچے شامل ہیں،شمالی علاقہ جات میں بارشوں کی صورت میں لینڈ سلائیڈنگ میں اضافے کاخطرہ ہے،محتاط رہیں ،حفاظتی اقدامات یقینی بنائیں، سیاح اگلے 5 سے 6 دن شمالی علاقہ جات کا سفرکرنے سے گریزکریں،این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ضرورت پڑنے پر دفعہ 144 کے تحت سیاحتی پابندیاں نافذ کی جا سکتی ہیں، قانون نافذ کرنے والے اداروں کو پابندیوں پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔

ادھر خیبر پختونخوا، گلگت اور آزاد کشمیر میں طوفانی بارشوں، بادل پھٹنے ، لینڈ سلائیڈنگ اور سیلابی ریلوں سے مجموعی اموات400تک جاپہنچیں،صرف بونیر میں قدرتی آفت نے 213 زندگیاںلیں،کئی افراد لاپتہ ہیں۔

دریں اثنا پاک فوج کا خیبرپختونخوا ،گلگت کے شدید بارشوں، سیلاب اور کلاو¿ڈ برسٹ سے متاثرہ علاقوں میں ریلیف آپریشن جاری رہا، بونیر، سوات ،باجوڑ میں پاک فوج کی ٹیمیں امدادی سرگرمیوں میں مصروف رہیں، ہیلی کاپٹرز کے ذریعے سیلاب متاثرین کومحفوظ مقامات پر منتقل کرکے راشن و دیگر سامان مہیا کیا گیا۔

مزید برآں سیلاب و طوفانی بارشوں سے جاں بحق افراد کے لواحقین کےلئے 50 کروڑ روپے جاری کر دئیے گئے،وزیراعلیٰ کے پی نے ہدایت کرتے ہوئے کہا جن علاقوں کا زمینی رابطہ منقطع ہے وہاں ہیلی کاپٹر سروس شروع کی جائے اور متاثرین کو معاوضوں کی ادائیگی اگلے 2 دنوں میں یقینی بنائی جائے،حکومتی اداروں ،ضلعی انتظامیہ کا بروقت رسپانس قابل ستائش ہے،رابطہ سڑکوں کو بحال کرنے کےلئے اقدامات کیے جائیں۔

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کو خیبرپختونخوا کے 9 متاثرہ اضلاع میں امدادی کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت کردی۔

سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا خیبرپختونخوا ،شمالی پاکستان میں کلاوڈ برسٹ (بادل پھٹنے) اور اچانک سیلاب کی وجہ سے ہونے والی تباہی سے شدید غمزدہ ہیں،دکھ کی گھڑی میں اپنے بھائیوں ،بہنوں کےساتھ یکجہتی کےلئے کھڑے ہیں، حکومت ریسکیو ،ریلیف آپریشن کےلئے تمام وسائل کو متحرک کر رہی ہے۔

وزیراعظم نے کہاچیئرمین این ڈی ایم اے کو ملاقات میں ہدایت کی سوات، بونیر ، باجوڑ، تورغر، مانسہرہ ، شانگلہ اور بٹ گرام کے متاثرہ اضلاع میں امدادی کارروائیوں کو تیز کیا جائے۔