ٹاروبا (مشرق نیوز) ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو تیسرے اور آخری میچ میں 202 رنز سے شکست دیکر 34 سال بعد پاکستان سے ایک روزہ سیریز جیت لی۔ ٹاروبا میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کی ٹیم 295 رنز کے تعاقب میں 92 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
پاکستان کی جانب سے نائب کپتان سلمان آغا 30 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ محمد نواز 23 رنز بنا کر ناٹ آوٹ رہے۔حسن نواز 13، بابر اعظم 9، نسیم شاہ 6، حسین طلعت ایک رن کے انفرادی سکور پر آوٹ ہوئے جبکہ صائم ایوب، عبداللہ شفیق، کپتان محمد رضوان، حسن علی اور ابرار احمد کھاتا کھولے بغیر پویلین لوٹے۔
میزبان ٹیم کی جانب سے جیڈن سلز نے 6 وکٹیں لے پاکستانی بیٹنگ لائن کے پرخچے اڑا دئیے۔ گداکیش موتی نے 2 اور روسٹن چیز نے 1 وکٹ حاصل کی۔اس سے قبل پاکستان کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز نے کپتان شے ہوپ کی سینچری کی بدولت مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 294 رنز سکور کئے۔
کپتان شے ہوپ نے 94 گیندوں پر 120 رنز ناٹ آوٹ کی شاندار اننگز کھیلی۔ ایون لوئس 37، روسٹن چیز 36، کیسی کارٹی 17، شرفین ردرفورڈ 15، گداکیش موتی5 اور برینڈن کنگ 5 رنز کے انفرادی اسکور پر آوٹ ہوئے۔جسٹن گریوز 24 گیندوں پر دھواں دار 43 رنز بنا کر ناٹ آوٹ رہے۔پاکستان کی جانب سے ابرار احمد اور نسیم شاہ نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔ صائم ایوب اور محمد نواز نے 1، 1 کھلاڑی کو آوٹ کیا۔
ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں پاکستان کو بدترین شکست، 34 سال بعد سیریز جیت لی



















