امریکی فیصلہ موقف کی تائید،جلد پراکیسز کے سپانسرز کو بھی دہشتگرد قرار دیا جائےگا،پاکستان

اسلام آباد،حیدرآباد:(بیورورپورٹ)پاکستان نے امریکی فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہاہے کالعدم بی ایل اے،مجید بریگیڈ کو بین الاقوامی دہشتگرد تنظیموں کی فہرست میں شامل کرنا خوش آئند ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہابی ایل اے،مجید بریگیڈ متعدد دہشتگرد حملوں میں ملوث رہی ، جعفر ایکسپریس ،خضدار بس حملے بھی کالعدم دہشتگرد تنظیموں کی کارروائیاں تھیں،پاکستان دہشتگردی کےخلاف مضبوط حصار اور دہشتگردی کے خاتمے کےلئے پر عزم ہے، عالمی برادری سے تعاون جاری رکھیں گے۔

دریں اثنا وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا صدر ڈونلڈ ٹرمپ ،انتظامیہ کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں،امریکی اقدام پاکستان کی سفارتی محاذ پر اہم کامیابی ،ازلی دشمن کےلئے ایک اور شکست ، دہشتگردی کےخلاف جنگ میں پاکستان کی لازوال قربانیوں کا اعتراف ہے،محسن نقوی نے کہاکالعدم بی ایل اے ،کالعدم مجید بریگیڈ کےخلاف عالمی سطح پر کارروائی کی راہ ہموار ہوگئی،دہشتگردوں کےخلاف مشترکہ موقف وقت کی ضرورت ہے،امریکی اقدام سے خطے میں امن و استحکام کو فروغ ملے گا۔

وزیر مملکت داخلہ طلال چودھری نے کہاکالعدم قرار دی گئی تنظیموں کی فنڈنگ مختلف ملکوں سے ہوکر پاکستان پہنچتی ہے، عنقریب پراکیسز کے سپانسرز کو بھی دہشت گرد قرار دیا جائےگا،جنگ کے بعد بھارت کابیانیہ بھی ہار گیا، دہشتگردی کےخلاف پاکستانی موقف کی ایک بار پھر تائید ہوگئی، پاکستانی حکام ٹرمپ انتظامیہ کو اپنی بات سمجھانے میں کامیاب رہے،فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے امریکی دوروں کے پھل نظر آ رہے ہیں۔

ادھر چیئرمین پی پی بلاول بھٹو زرداری نے کہا امریکہ کی جانب سے کالعدم دہشتگرد تنظیم بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے)اور مجید بریگیڈ(المعروف فتن الہندوستان)کو دہشت گرد تنظیم قرار دینا پاکستان کی بڑی کامیابی ہے،بی ایل اے جیسی تنظیمیں معصوم شہریوں کو نشانہ بناتی ہیں، پاک بھارت جنگ کے دوران بی ایل اے ،مجید بریگیڈ نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو سپورٹ کیا،اقوام متحدہ سے بھی بی ایل اے ،مجید بریگیڈ پر پابندی لگوائیں گے۔