اسرائیلی سکیورٹی کابینہ نے غزہ پر قبضے کے مکروہ منصوبے کی منظوری دےدی

مقبوضہ بیت المقدس،غزہ،اسلام آباد،نیویارک،بیجنگ،سڈنی،لندن:(مشرق نیوز)اسرائیل کی سکیورٹی کابینہ نے غزہ پر قبضے کے مکروہ منصوبے کی منظوری دےدی ۔

عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے غزہ کے شمالی حصے میں رہائشیوں کو جبری انخلا کا حکم دےدیا ،فوجی آپریشن میں وسعت کا خدشہ ہے،اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے کہااپنی سکیورٹی کو یقینی بنانے کےلئے غزہ کی آبادی کو آزادی دلانا چاہتے ہیں،غزہ والوں کو اچھی زندگی دیں گے۔

دوسری جانب غزہ پر اسرائیلی قبضے کے منصوبے پر اسرائیلی فوج، اپوزیشن،پاکستان ، اقوام متحدہ،چین، برطانیہ و آسٹریلیا سمیت کئی ممالک نے شدید تحفظات کا اظہار کردیا۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق فوج کے سربراہ ایال زمیر نے غزہ شہر پر قبضے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا اقدم سے یرغمالیوں کی جان کو خطرہ لاحق ہو سکتا ہے اور فوجی تھکن کا شکار ہو جائیں گے، اپوزیشن لیڈر یائر لاپڈ نے نیتن یاہو کے منصوبے کو سانحہ قراردیتے ہوئے کہاغزہ پر قبضہ مہنگا، طویل اور اسرائیل کو سفارتی تنہائی کا شکار بنا دے گا۔

ادھر پاکستان نے کہااسرائیل کے توسیع پسندانہ اقدامات خطے کو کشیدگی کی طرف لے جائیں گے، منصفانہ دو ریاستی حل کی حمایت کرتے ہیں،اسرائیلی اقدامات اقوام متحدہ قراردادوں کے منافی ہیں،ترجمان دفتر خا رجہ نے کہا پاکستان اسرائیل کو تسلیم نہیں کرتا اور فلسطینیوں پر مظالم کے دوران اسرائیل سے رابطوں کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے سربراہ فولکر ٹرک نے اسرائیل سے منصوبے کوفوری روکنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا اقدام بین الاقوامی قوانین اور دو ریاستی حل کی راہ میں رکاوٹ ہے،برطانوی وزیراعظم کیئر سٹارمر اور آسٹریلوی وزیر خارجہ پینی وونگ نے اسرائیل کو فیصلے پر نظر ثانی کا مشورہ دیتے ہوئے کہااقدام یرغمالیوں کی رہائی میں مدد دے گا نہ ہی مسئلہ فلسطین کا حل نکالے گا ،خونریزی بڑھے گی۔

چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہاغزہ پر قبضے کے منصوبے پر سنگین تحفظات ہیں،اسرائیل فوری طور پر اپنے خطرناک اقدامات بند کرے، غزہ فلسطینی عوام کا ہے اور فلسطینی سرزمین کا لازم و ملزوم حصہ ہے۔

مزید برآں فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس نے اسرائیلی وزیراعظم کے اقدام کوجنگ بندی مذاکرات پر شب خون کے مترادف قرار دیتے ہوئے واضح کیا اسرائیل کو کسی صورت غزہ پر مکمل کنٹرول کرنے کی اجازت نہیں دیں گے،اسرائیل کا اصل مقصد فلسطینیوں کا قتل عام کرنا اور بے دخلی کا ہے، نیتن یاہو یرغمالیوں کو اپنے مفادات پر قربان کرنا چاہتے ہیں، دشمن کےخلاف آخر تک لڑتے رہیں گے۔