چھوٹے کسانوں کو آسان شرائط پر قرض کی فراہمی کےلئے لائحہ عمل پیش کیاجائے،وزیراعظم

اسلام آباد: (بیورورپورٹ)وزیراعظم شہباز شریف نے چھوٹے کسانو ں کو آسان شرائط پر قرض کی فراہمی کےلئے لائحہ عمل پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا زرعی شعبے کی ترقی کےلئے چھوٹے کسانوں کو سہولیات فراہم کرنا ترجیحات میں شامل ہے۔

ملکی زرعی ترقی کیلئے منصوبہ بندی وایگری فنانسنگ پرجائزہ اجلاس میں وزیراعظم نے درمیانے و چھوٹے پیمانے کی زرعی سرگرمیوں کیلئے آسان شرائط پر قرض کی فراہمی کا لائحہ عمل پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا 12 ایکڑ سے کم زمین والے کسانوں کو جدید زرعی سہولیات کی فراہمی ترجیح ہونی چاہئے،ملکی ترقی زرعی شعبے ،کسانوں کی پیداوار کی ویلیو ایڈیشن سے مشروط ہے، کسانوں کو جدید زرعی آلات، مصنوعی ذہانت ،معیاری بیج کیلئے آسان شرائط پر قرض کی فراہمی کیلئے لائحہ عمل پیش ،کسانوں کی اجناس کی پراسیسنگ سے برآمدات کے قابل اشیا کی تیاری کیلئے چھوٹے پیمانے کی صنعتی مشینری تک رسائی کیلئے بھی جامع منصوبہ بندی کی جائے۔

شہبازشریف نے کہاحکومت کسانوں کو جدید زرعی آلات، معیاری بیج کی فراہمی، مصنوعی ذہانت، پانی کے بہتر استعمال، آن فارم سمال انڈسٹری و دیگر سہولیات کیلئے اصلاحات کے عمل کو تیز کر رہی ہے،زرعی اجناس کی پراسیسنگ سے برآمدات میں اضافے کیلئے کسانوں کو درکار سہولیات و تربیت کیلئے اقدامات کو بھی اصلاحات میں شامل کیاجائےگا۔

دریں اثنا ایک اور اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور تمام صوبوں میں دانش سکولوں جیسے معیاری تعلیمی مراکز کی تعمیر ترجیح ہے، عوامی فلاح کے ترقیاتی منصوبوں بالخصوص صاف پانی، بجلی، مواصلات، تعلیم کے منصوبوں میں شفافیت کیلئے تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن یقینی بنائی جائے، تاخیر کے شکار منصوبوں کی جلد تکمیل کیلئے اقدامات کئے جائیں۔