میٹرو بس ،اورنج لائن کےلئے ٹوکن سسٹم ختم،انصاف کے بغیرتقدیر کبھی روشن نہیں ہوسکتی:مریم نواز


لاہور :(اپنے رپورٹر) وزیراعلیٰ مریم نواز کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میںٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ اورماس ٹرانزٹ اتھارٹی کا تفصیلی جائزہ لیاگیا،اجلاس میںپنجاب میں میٹرو بس اور اورنج لائن کےلئے ڈیجیٹل پیمنٹ سسٹم متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا، اورنج لائن ٹرین اور میٹروبس میں ٹوکن سسٹم ختم کر دیا جائےگا ، کارڈ بیسڈ پیمنٹ کے ذریعے بار کوڈ سسٹم لایا جائےگا، کریڈٹ کارڈ، ڈیبٹ کارڈ/ اے ٹی ایم کارڈ اور موبائل اکاونٹ ایپ کے ذریعے کرائے کی ادائیگی کی جا سکے گی۔

ماس ٹرانزٹ سسٹم میں این ایف سی یعنی کارڈ ٹیپ اور ٹیچ کے ذریعے بھی کرایہ ادا کیا جا سکے گا، لاہور، ملتان، راولپنڈی اور اسلام آباد میں میٹروبس پرکریڈٹ کارڈ اور ڈیبٹ کارڈکے ذریعے ہی کرائے کی ادائیگی ممکن ہوگی، لاہور کی اورنج لائن ٹرین میں بھی ا ی پیمنٹ سسٹم لاگو کرکے ٹوکن سسٹم جلد ختم کر دیا جائے گا، لاہور کی اورنج لائن ٹرین پر کریڈٹ کارڈ، ڈیبٹ کارڈ، پیمنٹ ایپس کے ذریعے کرایہ ادا کیا جاسکے گا، اجلاس میں صوبے بھر میں ماس ٹرانزٹ سسٹم کےلئے ایک ہی کارڈ متعارف کرانے کافیصلہ کیا گیا۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے ماس ٹرانزٹ سسٹم کےلئے ٹی کیش کارڈ کی منظوری دےدی، ٹی کیش کارڈکے ذریعے صوبے بھر میں ہر میٹرو بس یا اورنج لائن پر سفر ممکن ہوگا، ماس ٹرانزٹ سسٹم میں سٹوڈنٹس کےلئے الگ کارڈ متعارف کرایا جائے گا،وزیراعلیٰ نے ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ میں گریڈ 5 سے 18 تک ٹیکنیکل آسامیوں پر بھرتیوں کی بھی اصولی منظوری دےدی،اجلاس میں موٹر سائیکل رکشہ کے متبادل کے طور پر الیکٹرک رکشہ متعارف کرانے پر اتفاق کیا گیا، مریم نواز نے الیکٹرک رکشہ پراجیکٹ کےلئے تجاویز اور سفارشات طلب کر لیں ،پنجاب میں پہلی مرتبہ انٹرنیشنل ٹرانسپورٹ کےلئے ایکسپو کے انعقاد کی بھی اصولی منظوری دی گئی،وزیراعلیٰ نے گاڑیوں سے متعلق تمام امور کےلئے ایک ہی جامع آر ایف آئی ڈی سٹیکر متعارف کرانے کا اعلان کر دیا، لاہور میں 50 پری فیبری کیٹڈ بس شیلٹر کی تنصیب کا کام جلد شروع کر دیا جائے گا۔

دریں اثنا وزیراعلیٰ مریم نواز نے عالمی یومِ انصاف پر اپنے پیغام میں کہا جہاں انصاف کا چراغ بجھ جائے وہاں ظلم کی تاریکی پورے معاشرے کو نگل لیتی ہے، انصاف نہ ہو تو ترقی اور خوشحالی ادھورا خواب بن جاتی ہے،انصاف وہ سورج ہے جس کی روشنی کے بغیر کسی قوم کی تقدیر کبھی روشن نہیں ہو سکتی،جہاں ناانصافی ہو وہاں بداعتمادی، نفرت،فتنہ اور انتشار جنم لیتے ہیں، ناانصافی نہ صرف فرد کو متاثر کرتی ہے بلکہ فتنہ پورے معاشرے کی جڑوں کو کمزور کر دیتا ہے۔

مریم نواز نے کہا پنجاب میں انصاف اور مساوات کو ترجیح میراعزم ہے،ناانصافی کے سدباب کےلئے پیرا جیسے ادارے بنارہے ہیں،پنجاب حکومت کی پالیسیوں کا مقصد ہر فرد کو بلا امتیاز حقوق و انصاف کی فراہمی ہے،انصاف قائم رکھنا ہماری ذمہ داری بھی ہے اور عہد بھی، انصاف کی روشنی ہر فردکی زندگی روشن کر سکتی ہے۔