جعلی نوٹوں کا آن لائن کاروبار کرنے والے ملزمان گرفتار

لاہور (مشرق نیوز) جعلی نوٹوں کا آن لائن کاروبار کرنے والے ملزمان کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔ صوبائی دارالحکومت میں راوی روڈ پولیس کی کارروائی میں جعلی نوٹوں کو آن لائن فروخت کرنے والے 2 ملزمان گرفتار کئے گئے۔ حکام کے مطابق ملزمان کو خفیہ اطلاع پر گرفتار کرکے ایک لاکھ روپے کے جعلی پاکستانی نوٹ برآمد کرلئے گئے ہیں۔

ملزمان کم قیمت پر جعلی نوٹوں کی بڑی رقم فروخت کرتے تھے۔ اس کے علاوہ ملزمان مارکیٹ کے سادہ لوح دکانداروں کے ساتھ فراڈ دھوکے سے جعلی کرنسی کا استعمال کرتے تھے اور مختلف مقامات بدل بدل کر جعلی کرنسی استعمال کرتے تھے۔

ملزمان کے قبضے سے 5000 ہزار روپے کے 12 جبکہ ایک ہزار روپے کے 40 جعلی نوٹ برآمد ہوئے۔ ایس پی سٹی بلال احمد کے مطابق ملزمان طلحہ اور فرحان کیخلاف مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔