الیکشن کمیشن نے مخصوص نشستوں کی تقسیم کیس کا فیصلہ محفوظ کر لیا

اسلام آباد (مشرق نیوز) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے مخصوص نشستوں کی تقسیم سے متعلق کیس کا فیصلہ محفوظ کر لیا۔ کے پی اسمبلی کی مخصوص نشستوں پر ارکان کی بحالی کے معاملے کی الیکشن کمیشن میں سماعت ہوئی، چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں 5 رکنی بینچ نے سماعت کی جبکہ مسلم لیگ (ن)، پیپلز پارٹی، جے یو آئی، اے این پی سمیت دیگر سیاسی جماعتوں کے وکلا پیش ہوئے اور دلائل دئیے۔

پیپلزپارٹی کے وکیل نیئر بخاری نے دلائل دیتے ہوئے موقف اپنایا کہ مخصوص نشستوں کی تقسیم کا معاملہ جے یو آئی اور مسلم لیگ (ن) کے درمیان ہے، مسلم لیگ (ن) کا دعویٰ ہمارے خلاف نہیں ہے، یہ معاملہ الیکشن کمیشن کے ساتھ ہے، ہمارا اس پر کوئی تنازع یا معاملہ نہیں ہے۔

عوامی نیشنل پارٹی کے وکیل نے دلائل میں کہا کہ ضمنی انتخاب میں ہم ایک سیٹ جیتے ہیں، ہمارا یہ موقف ہے کہ جب انتخابات ہوئے اس کے بعد کی صورتحال کے مطابق سیٹیں دی جانی چاہئے۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ مخصوص نشستوں سے متعلق 2 فیز میں نوٹیفکیشن ہوئے، پہلے تو سنی اتحاد کونسل والا معاملہ حل نہیں ہوا تھا۔

پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹیرین کے وکیل نے دلائل میں موقف اپنایا کہ جنرل نشستوں کے بعد ہی مخصوص نشستیں ملنی ہیں، جتنی جنرل نشستیں ہونگی اتنی ہی مخصوص نشستیں ملنی چاہئے، سب سے اہم مسئلہ کٹ آف تاریخ کا ہے۔ممبر سندھ نثار درانی نے کہا کہ اگر ضمنی انتخابات میں کسی جماعت کی سیٹیں کم ہوجائیں تو کیا مخصوص نشستیں کم ہوسکتیں ہیں۔

وکیل پی ٹی آئی پی نے کہا کہ نہیں، مخصوص نشستیں واپس نہیں لی جاسکتیں، ہمارے تحفظات ہیں کہ ہمارے 2 نمائندوں کو ایک شمار کیا گیا ہے، نوٹیفکیشنز کے ساتھ اگر دیکھا جائے تو ہماری 2 مخصوص نشستیں بنتی ہیں۔ فریقین کے دلائل سننے کے بعد الیکشن کمیشن آف پاکستان نے مخصوص نشستوں کی تقسیم سے متعلق کیس کا فیصلہ محفوظ کر لیا۔