لاہور سمیت مختلف شہروں میں موسلا دھار بارش، بجلی غائب، نظام زندگی متاثر

لاہور،لکی مروت (اپنے رپورٹر سے+ بیورو پورٹ ) لاہور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں تیز اور ہلکی بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے، متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی متاثر ہونے سے نظام زندگی بھی مفلوج ہو گیا،لاہور میں وقفے وقفے سے کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش کے باعث حبس کی شدت میں کمی آئی ، کم سے کم درجہ حرارت 27 جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے،لاہور کے علاقے گلبرگ، کلمہ چوک، ماڈل ٹاون، گڑھی شاہو، ایبٹ روڈ، لکشمی چوک، مال روڈ ، جیل روڈ اور فیروز روڈ، شمالی لاہور میں بارش سے فیڈرز ٹرپ کر گئے اور بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی،محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا سپیل 17 جولائی تک برقرار رہے گا، ملک کے مختلف شہروں میں کہیں گرج چمک کےساتھ تیز بارش کا امکان ہے اور کہیں پھوار پڑے گی، ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے کہا رساتی نالوں میں فلیش فلڈنگ کا خطرہ ہے،بڑے شہروں میں مون سون بارشوں کے باعث اربن فلڈنگ کے پیش نظر انتظامیہ پیشگی الرٹ رہے، ادھر کی مروت کے علاقے دولت خیل میں پانی کے جوہڑ میں نہاتے ہوئے 4 بچے ڈوب کر جاں بحق ہوگئے، جاں بحق ہونے والوں میں 2، 2 بھائی شامل ہیں جن کا تعلق دولت خیل سے ہے، لاشیں نکال کر سٹی ہسپتال منتقل کر دی گئیں، ڈوبنے والے بچوں کی عمریں 9 اور 12 سال کے درمیان ہیں۔