معاشی ترقی و خوشحالی کیلئے فرسودہ نظام بدلنا ہوگا،شہبازشریف
اسلام آباد: (بیورورپورٹ)وزیر اعظم شہباز شریف نے وزارتوں کی کارکردگی بڑھانے اور ہر شعبے کے ماہرین کی خدمات حاصل کرنے کیلئے اصلاحاتی عمل کی ہدایت کرتے ہوئے کہا پاکستان وسائل سے مالامال ہے، نوجوان افرادی قوت ملک کا سب سے قیمتی اثاثہ ہے،فرسودہ نظام کو عصری تقاضوں سے ہم آہنگ کئے بغیرمعاشی ترقی و خوشحالی ممکن نہیں۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شہبازشریف نے کہا7دہائیوں سے ملک کو جس نظام سے چلانے کی کوشش کی گئی اس سے ترقی ممکن نہیں،باصلاحیت پاکستانی پوری دنیا میں ملک و قوم کا نام روشن کررہے ہیں ،حکومتی ترجیحات میں فرسودہ نظام کو جدید، ڈیجیٹل و موثر گورننس کے نظام میں تبدیل کرنا شامل ہے،وزیر بجلی اویس لغاری ،ٹیم کی انتھک محنت قابل تعریف ہے۔
وزیراعظم نے کہا نظام کی تبدیلی کیلئے بین الاقوامی شہرت یافتہ ماہرین کی معاونت انتہائی ضروری ہے،وزارت بجلی کی اصلاحات، نقصانات میں کمی اور قومی خزانے کو اربوں کی بچت باقی وزارتوں کیلئے قابل تقلید مثال ہے،شعبے کے ماہرین و کنسلٹنٹس جدید دور کے تقاضوں کے مطابق اصلاحات سے نئی سوچ ، گورننس کے طریقہ کار کو رائج کرنے میں معاون ہوں گے،بہترین افرادی قوت کی بھرتیوں، وزارتوں کو جدید نظام سے ہم آہنگ کرنے اور اصلاحات سے گورننس کی بہتری تجاویز کیلئےکمیٹی قائم کی جائے۔



















