لاہور (کامرس رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب کے فلیگ شپ پروگرام زیادہ گندم اگاو¿ مہم کے تحت کسانوں میں مفت گرین ٹریکٹرز کی تقسیم کے سلسلہ میں تقریب کا انعقاد اوکاڑہ میں ہوا۔صوبائی وزیر زراعت و لائیو سٹاک سید عاشق حسین کرمانی نے قرعہ اندازی میں کامیاب ہونے والے 26 کسانوں میں گرین ٹریکٹرز تقسیم کئے، اس موقع پر ایم پی اے میاں محمد منیر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ویڈیو محمد ابراہیم ارباب، لیگی رہنما راو محمد اجمل، ڈائریکٹر زراعت توسیع شہباز اختر، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت اعجاز، سمیت محکمہ زراعت کے افسران اور کسانوں کاشتکاروں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ڈائریکٹر زراعت توسیع ساہیوال شہباز اختر نے کسانوں و کاشتکاروں کیلئے شعبہ زراعت کے کسان دوست پالیسیوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی، ضلع بھر کے 26 خوش نصیب کسانوں کا شتکاروں میں بزریعہ قرعہ اندازی مفت گرین ٹریکٹرز تقسیم کیے گئے۔صوبائی وزیر زراعت و لائیو سٹاک نے اس موقع پر کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے کسانوں اور کاشتکاروں سے کیا ایک اور وعدہ پورا کر دیا، ای بیلٹنگ کے ذریعے شفاف انداز میں پنجاب بھر کے کسانوں میں مفت ٹریکٹرز تقسیم کئے جا رہے ہیں، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف زراعت کی ترقی و ترویج کیلئے انقلابی اقدامات کر رہی ہیں، انہوں نے کہا کہ ماضی میں شعبہ زراعت کیلئے مختص 20 ارب بجٹ سے بڑھا کر موجودہ حکومت نے ریکارڈ 123 ارب روپے بجٹ میں مختص کئے گئے ہیں، تاریخ میں پہلی بار 10 ہزار کسانوں میں 10 لاکھ سبسڈی پر گرین ٹریکٹرز تقسیم کیے گئے، کسان کارڈ کے ذریعے کسانوں کو 75 ارب روپے کے بلا سود قرض دئیے گئے۔ممبر صوبائی اسمبلی میاں منیر نے کہا کہ حکومت کو کسانوں کی گندم نہ خریدنے پر ان کی مشکلات کا احساس ہے، دیگر انقلابی پروگرامز کے ذریعے کسانوں کاشتکاروں کے نقصان کا ازالہ کرنے کیلئے بھرپور اقدامات کیے جا رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ کسان و کاشتکار ملک دشمن عناصر کا آلہ کار نہ بنیں، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں کسانوں کاشتکاروں کے تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے، کسانوں اور کاشتکاروں نے مفت ٹریکٹرز کی تقسیم پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کاشتکاروں سے کیا ایک اور وعدہ پورا کردیا: عاشق کرمانی



















