ایک زرداری سب پر بھاری،سینٹ الیکشن میں پی ٹی آئی سے 3 نشستیں چھننے کا امکان

لاہور (رانا خالد قمر) ایک زرداری سب پر بھاری۔۔۔سینٹ الیکشن میں پی ٹی آئی سے 3 نشستیں چھننے کا امکان،کے پی کے اسمبلی سے سینٹ کی کل 11 میں سے 10 سیٹیں جیتنے کی امید لگانے والی حکومتی پارٹی سے اپنی سیٹیں بھی چھن جانے کا امکان تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کے مخصوص نشستوں والے فیصلے نے بازی پلٹ دی اور خیبر پختونخوا حکومت جو اس فیصلے سے پہلے سینٹ کی 11 نشستوں میں سے 10 جیتنے کی امید لگائے بیٹھی تھی اب سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد سیٹیں بچانے کے لالے پڑ گئے، الیکشن کمیشن نے 21 جولائی کو کے پی کے اسمبلی میں سینٹ الیکشن کا شیڈول جاری کردیا ہے اس روز سینٹ کی 7 جنرل سیٹوں، 2 ٹیکنوکریٹ اور 2 خواتین کی سیٹوں پر الیکشن کا شیڈول جاری ہوا، ذرائع کے مطابق شیڈول کے اجراءسے پہلے ہی صدر مملکت آصف زرداری کے ”کار خاص“ بریف کیس لےکر صوبہ کے پی کے پہنچ چکے ہیں، پیپلز پارٹی میرٹ پر تو ایک بھی سیٹ جیتنے کی پوزیشن میں نہیں لیکن ایک زرداری سب پر بھاری ”فارمولے“کے تحت پیپلز پارٹی کم سے کم 2 سیٹیں حاصل کرنے کےلئے ”سرمایہ کاری“ کر چکی ہے، دوسری جانب وزیر اعلیٰ کے پی کے علی امین گنڈا پور بھی سیاست کے پرانے ”کھلاڑی“ ہیں انہوں نے بھی اپنے ایم پی ایز کو "محفوظ" مقام پر منتقل کر دیا ہے تاکہ ان کی خرید و فروخت کےلئے”منڈی“نہ لگے لیکن ذرائع اصرار کےساتھ یہ بتاتے ہیں زرداری فارمولا لگ چکا ہے، ذرائع نے ن لیگ کو بھی ایک اضافی سیٹ ملنے کا دعویٰ کیا ہے،اس میں بھی اس کے رہنما امیر مقام کا ہاتھ بتایا جاتا ہے، فضل الرحمن کی جماعت جے یو آئی کو بھی جنرل نشستوں پر ایک سیٹ ملنے کی امید ہے اس طرح الیکشن میں سب سے زیادہ نقصان تحریک انصاف اور فائدہ پیپلز پارٹی اٹھانے جا رہی ہے۔