لاہور ( اپنے رپورٹر سے ) چیف ایگزیکٹو آفیسرلاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی انجینئر رمضان بٹ نے محرم الحرام میں لیسکو کی جانب سے بجلی کی بلا تعطل سپلائی کیلئے کئے جانے والے اقدامات کا جائزہ لینے کیلئے پاور ڈسٹری بیوشن سنٹر کادورہ کیا اور محرم الحرام کے ایام میں مجالس اور جلوسوں کیلئے بجلی کی سپلائی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ ایکسین پی ڈی سی میر مصطفی نے سی ای او لیسکو کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ بجلی کی مسلسل سپلائی کی دن رات مانیٹرنگ جارہی ہے، سپلائی ڈیمانڈ کے مطابق ہے اور کوئی فیڈر انڈر فالٹ نہیں۔ اس وقت لیسکو ریجن میں بجلی کی ڈیمانڈ 3896جبکہ سپلائی 3850 اورڈرال 3734 ہے۔ اس موقع پر سی ای او لیسکو انجینئر رمضان بٹ کا کہنا تھا کہ محرم الحرام کی مجالس اور جلوسوں کیلئے لیسکو کی ٹیمیں متحرک ہیں، جلوسوں کے راستوں میں بجلی کی تنصیبات کی نگرانی کیلئے ایس ای، ایکسین اور آپریشنل سٹاف کے علاوہ سیفٹی کا عملہ بھی موجود ہے، عزاداروں کو سخت گرمی اور حبس کے موسم میں بجلی کی فراہمی میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انجینئر رمضان بٹ نے ہدایت کی کہ صارفین کی شکایات کا فوری ازالہ کرنے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے جبکہ بجلی بحالی کے کاموں کیلئے تمام ضروری سامان وافر مقدار میں موجود ہے۔اس موقع پر ڈائریکٹر آپریشن اعجاز بھٹی، چیف انجینئر آپریشنزندیم ملک، انجینئر او اینڈ ایم عمران محمود، چیف انجینئر پی آئی یو انور وٹو، منیجر ٹی ایس محمد فاروق عمر سمیت دیگر سٹاف بھی موجود تھا۔
عزاداروں کو بجلی کی فراہمی میں کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی: چیف ایگزیکٹو لیسکو



















