لاہور (کرائم رپورٹر) آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے پولیس ملازمین اور انکے اہلخانہ نے سنٹرل پولیس آفس میں ملاقات کی ۔ انہوں نے پولیس ملازمین کے مسائل سنے اور فوری ریلیف کیلئے احکامات جاری کئے۔ تفصیلات کے مطابق، ڈی ایس پی منیر احمد کی ٹرانسفر پوسٹنگ کی درخواست پر ایڈیشنل آئی جی سی سی ڈی کو ریلیف کی ہدایت کی ۔ اے ایس آئی اعجاز احمد کی طبی مالی امداد کی درخواست پر ڈی آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس کو ریلیف کی ہدایت کی۔لیڈی کک شمیم شرافت کی ٹرانسفر کی درخواست پر ایس پی ہیڈ کوارٹرز لاہور جبکہ سابقہ ڈرائیور کانسٹیبل خضر حیات کی سروس بحالی کی درخواست پر آر پی او ساہیوال کو ریلیف فراہم کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ڈسپلن، ایڈمن، پروموشن اور ویلفیئر سے متعلقہ دیگر درخواستوں پر بھی احکامات جاری کئے۔دوسری طرف سنٹرل پولیس آفس میں آفس سپرنٹنڈنٹ سے اسسٹنٹ ڈائریکٹر کے عہدے پر ترقی پانے والے افسران کے اعزاز میں تقریب منعقد کی گئی۔تقریب میں ترقی پانے والے افسران کے اہل خانہ اور بچوںنے شرکت کی۔آئی جی پنجاب نے اسسٹنٹ ڈائریکٹر کے عہدے پر ترقی پانے والے 24 افسران میں آرڈرز تقسیم کئے اور نئے عہدے کی ذمہ داریاں سخت محنت و تندہی سے ادا کرنے کی ہدایت کی۔آئی جی پنجاب نے کہا کہ پیشہ ورانہ امور کی انجام دہی میں آرٹیفیشل انٹیلی جنس، سافٹ ویئرز ایپس اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال پر خصوصی توجہ دیں۔ماتحت عملے کو کیریئر و کریکٹر گرومنگ، ویلفیئر اور دفتری امور میں معاونت کے لئے بھرپور اقدامات کریں۔تمام اداروں کے انتظامی امور میں اسسٹنٹ ڈائریکٹرز سمیت منسٹیریل سٹاف ریڑھ کی ہڈی کی حثیت رکھتے ہیں۔ پروموٹ ہونے والے اسسٹنٹ ڈائریکٹرز نئے منصب کے فرائض خلوص نیت اور بھرپور فرض شناسی سے سر انجام دیں۔تقریب میں ایڈیشنل آئی جی پنجاب سلطان احمد چوہدری، ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ ون سلیمان سلطان رانا، ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ ٹو کیپٹن ریٹائرڈ لیاقت علی ملک، اے آئی جی ایڈمن اسد اعجاز ملہی، رجسٹرار اور اے ڈی ایڈمن نے شرکت۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے 2 دن قبل قواعد و ضوابط پر پورا اترنے والے آفس سپرنٹنڈنٹ کو اسسٹنٹ ڈائریکٹر کے عہدے پر ترقی دی۔ترقی پانے والے اسسٹنٹ ڈائریکٹرز پولیس کی مختلف فیلڈ فارمیشنز اور اضلاع میں خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔
آئی جی سے پولیس ملازمین ، اہل خانہ کی ملاقات، مسائل پر فوری ریلیف کے احکامات



















