محرم صبر، قربانی اور اتحاد کا درس دیتا ہے: عاشق کرمانی

لاہور (کامرس رپورٹر) صوبائی وزیر زراعت و لائیو سٹاک عاشق حسین کرمانی نے کہا ہے کہ حضرت بابا فریدالدین مسعود گنج شکرؒ کی تعلیمات آج بھی انسانیت، صبر، برداشت اور باہمی اخوت کا سرچشمہ ہیں، محرم الحرام ہمیں صبر، قربانی اور اتحاد کا درس دیتا ہے، جس پر عمل کرتے ہوئے معاشرے میں رواداری اور امن کو فروغ دینا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی خصوصی ہدایات پر حضرت بابا فریدؒ کے 783ویں سالانہ عرس اور محرم الحرام کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے اپنے دورہ پاکپتن کے موقع پر کیا۔ ان کے ہمراہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی سلمیٰ بٹ، کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل، ریجنل پولیس آفیسر محبوب رشید،ڈپٹی کمشنر ماریہ طارق،ڈی پی او جاوید اقبال چدھڑ،ایم این اے میاں احمد رضا مانیکا، ایم پی اے چوہدری جاوید احمد،ایم پی اے میاں فاروق مانیکا،ایم پی اے سردار منصب علی ڈوگر ایم پی اے موتیا مسعود اور متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔صوبائی وزیر اور معاون خصوصی نے بہشتی دروازے سے گزرنے والے زائرین کے پیدل راستوں، درگاہ پر قائم عارضی ہسپتال،سہولتی مراکز، سی سی ٹی وی مانیٹرنگ روم، طبی کیمپس، وضو خانہ اور نئے ٹوائلٹ بلاکس کا معائنہ کیا۔ انہوں نے مزار پر حاضری دی، فاتحہ خوانی کی اور ملک و ملت کی خوشحالی و سلامتی کیلئے خصوصی دعا بھی کی۔سرکٹ ہاوس میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت سید عاشق حسین کرمانی نے کی۔ ڈپٹی کمشنر پاکپتن ماریہ طارق نے انتظامی امور پر تفصیلی بریفنگ دی اور بتایا کہ زائرین و عزاداروں کیلئے قیام، صفائی، روشنی، طبی سہولیات، سکیورٹی اور رہنمائی کے مکمل انتظامات مکمل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام محکمے مربوط انداز میں خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جاوید اقبال چدھڑ نے سکیورٹی انتظامات بارے بریفننگ دیتے ہوئے بتایا کہ دونوں تقریبات کیلئے مربوط سکیورٹی پلان ترتیب دیا گیا ہے۔ جلوسوں و مجالس کے روٹس کی نگرانی، پولیس کی تعیناتی، کیمروں کی مانیٹرنگ، سرچ آپریشنز اور کنٹرول روم کی نگرانی فعال ہے۔اس موقع پر معاون خصوصی برائے وزیر اعلیٰ پنجاب سلمیٰ بٹ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی واضح ہدایات ہیں کہ تمام زائرین اور شہریوں کو محفوظ، باوقار اور سہولت بھرا ماحول فراہم کیا جائے۔ بابا فریدؒ کی تعلیمات کو دنیا بھر میں اجاگر کرنا ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے، اور ایسے روحانی مواقع حکومتی سرپرستی کے مستحق ہیں۔ بعد ازاں صوبائی وزیر نے ڈپٹی کمشنر ماریہ طارق اور ڈی پی او جاوید اقبال چدھڑ کے ہمراہ تحصیل عارف والا کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے محرم الحرام کے مرکزی جلوس کے روٹس اور امام بارگاہ دربارِ اہل بیت کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے جلوس و مجالس کے منتظمین سے ملاقات کی اور دستیاب سہولیات پر تبادلہ خیال کیا اور ضلعی انتظامیہ و پولیس کی جانب سے کئے گئے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔