سرفراز ڈوگر اسلام آباد، جنید غفار سندھ،جسٹس روزی بلوچستان، عتیق شاہ پشاور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس مقرر

اسلام آباد: (بیورورپورٹ)سرفراز ڈوگر اسلام آباد، جنید غفار سندھ،جسٹس روزی بلوچستان، عتیق شاہ پشاور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس مقرر،جوڈیشل کمیشن نے منظوری دےدی۔

صوبائی ہائیکورٹس اور اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس صاحبان کی تعیناتی کےلئے چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی زیر صدارت جوڈیشل کمیشن کا اجلاس ہوا،اجلاس میں چیف جسٹس سپریم کورٹ کے 4 ججز، اٹارنی جنرل، 2 حکومتی ،2 اپوزیشن اراکین ،صوبائی وزیر قانون، ہائی کورٹ بار کے نمائندے ،سابق جج ،احسن بھون ،سپیکر قومی اسمبلی کی نامزد روشن خورشید بھروچہ نے شرکت کی۔

اعلامیے میں کہا گیا چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ کےلئے جسٹس عتیق شاہ ،چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ کےلئے جسٹس روزی خان ،چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ کیلئے جسٹس جنید غفار ،چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کیلئے جسٹس سرفراز ڈوگر کی نامزدگی کی گئی ،جوڈیشل کمیشن نے اکثریتی رائے سے منظوری دی۔

بعدازاںجوڈیشل کمیشن نے ہائی کورٹس کے چیف جسٹس صاحبان کی تقرری سے وزیراعظم کو آگاہ کر دیا،سیکرٹری جوڈیشل کمیشن نے پرنسپل سیکرٹری کو لکھے مراسلے میں کہاوزیراعظم آرٹیکل 175اے کی ذیلی شق 8کے تحت ججز تقرر کی کارروائی مکمل کریں،ذرائع کے مطابق جسٹس سرفراز ڈوگر کے حق میں 9 ووٹ پڑے۔

دریں اثنا ذرائع کے مطابق جسٹس منصور علی شاہ نے اجلاس کی کارروائی کے دوران اعتراض اٹھاتے ہوئے کہا26 ویں آئینی ترمیم پر فیصلہ پہلے ہونا چاہیے، جسٹس منیب اختر ،پی ٹی آئی کے 2ممبران ،وزیر قانون خیبرپختونخوا نے بھی جسٹس منصور علی شاہ کی رائے کے حق میں رائے دی۔