کراچی:(بیورورپورٹ)فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہاہے مسئلہ کشمیر حل کیے بغیر خطے میں پائیدار امن قائم نہیں ہو سکتا،معرکہ حق بھارت کی یادداشت سے کبھی ختم نہیں ہو گا، کسی بھی قیمت پر اپنی دھرتی کے تحفظ کےلئے تیار ہیں، دوبارہ حملہ کیا تو بلا جھجھک جواب دیا جائےگا، بھارت اپنی فوجی طاقت، قوم پرستی،جعلی سٹریٹجک اہمیت سے سیاسی فوائد حاصل کرنا چاہتا ہے،دشمن کا ملکی خود مختاری کو چیلنج کرنا خطے کےلئے خطرناک ہو سکتا ہے۔
پاکستان نیوی کی پاسنگ آﺅٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے سید عاصم منیر نے کہا دوست ملک کے کیڈٹس کو مبارکباد دیتے ہیں، ترقی کےلئے عوام، حکومت ،افواج کے درمیان مضبوط تعلق ناگزیر ہے، دہشتگردی کےخلاف جنگ منطقی انجام تک پہنچائیں گے، خطے میں مستحکم امن مسئلہ کشمیر حل کیے بغیر ناممکن ہے،حق خودارادیت کے حصول میں کشمیریوں کےساتھ ہیں، دشمن مسلسل متکبرانہ ،جارحانہ روئیے کا مظاہرہ کر رہا ہے۔
فیلڈ مارشل نے کہا چند برسوں میں بھارت نے دہشتگردی کےخلاف کارروائی کے بہانے 2 بار بلاوجہ حملے کیے، پاکستان کے بھرپور و موثر جواب نے خطے کو بڑے تنازع سے بچایا،بھارتی اشتعال انگیزیوں کے باوجود صبر و تحمل ،ذمے داری کا مظاہرہ کیا، امن کو ترجیح دی آج پاکستان خطے میں نیٹ ریجنل سٹیبلائزر کے طور پر جانا جاتا ہے اگر دشمن سمجھتا ہے پاکستان خودمختاری پر حملے برداشت کرےگا تو خطرناک غلط فہمی ہو گی،پاکستان ہر حال میں اپنی خود مختاری ،قومی مفادات کا دفاع کرےگا۔
جنرل سید عاصم منیر نے کہا اپنی خود مختاری پر کسی قسم کی جھجھک نہیں دکھائیں گے،قومی جذبہ آزمائشوں کے دوران اور بھی مضبوط ہوا،پہلے سے کہیں زیادہ مضبوط و پرعزم ہیں، پاکستان دہشتگردی کےخلاف جنگ میں کامیابی کے قریب ہے،بھارت جان بوجھ کر خطے میں کشیدگی پیدا کر رہا ہے، دہشتگردی کےخلاف جنگ مکمل کامیابی تک پہنچائیں گے، ملک کو دہشتگردی سے ہمیشہ کےلئے نجات دلائیں گے ایسے وقت میں کشمیری بھائیوں کی قربانیوں کو ضرور یاد رکھنا چاہیے۔
فیلڈ مارشل نے کہا کشمیری بھارت کے غیر قانونی قبضے کےخلاف جدوجہد کر رہے ہیں، پاکستان کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق منصفانہ حل کا پرزور حامی ہے، پاکستان کےلئے مضبوط و موثر میری ٹائم فورس برقرار رکھنا ناگزیر ہے، دشمن سمجھے پاکستان کمزور یا جواب نہیں دےگا تو سخت غلطی پر ہے،بھارت جس جدوجہد کو دہشتگردی کہتا ہے وہ دراصل جائز ،قانونی آزادی کی جدوجہد ہے، کشمیریوں کی جدوجہد کو بین الاقوامی قوانین بھی تسلیم کرتے ہیں۔
جنرل سید عاصم منیر نے کہامسئلہ کشمیر کے منصفانہ اور پرامن حل تک جنوبی ایشیا میں کبھی پائیدار امن قائم نہیں ہو سکتا، حق خودارادیت کےلئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں،بھارت کی ظالم حکومت کشمیریوں کی ہمت ، حوصلے کو کبھی پست نہیں کر سکتی، پاکستان ہمیشہ کشمیریوں کی سیاسی، اخلاقی و سفارتی حمایت کرتا رہے گا،دشمن مسلسل ترقی کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں،پاکستان روشن مستقبل کی طرف گامزن ہے، ترقی کا سفر جاری رہے گا۔
قبل ازیں پاکستان نیول اکیڈمی پی این ایس رہبر میں پاسنگ آﺅٹ پریڈ کی تقریب کا انعقاد کیا گیا، چیف آف آرمی سٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی،نیوی کے چاق و چوبند دستے نے سلامی دی،فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے123ویں مڈشپ مین، 31ویں شارٹ سروس کمیشن کورس کمیشننگ پریڈ کا معائنہ کیا،پوزیشن ہولڈرز کیڈٹس میں انعامات تقسیم کیے،تقریب میں اہم شخصیات کے علاوہ غیر ملکی سفارتکار بھی شریک ہوئے ،پاسنگ آﺅٹ پریڈ میں فارغ التحصیل کیڈٹس سے ذمے داریوں کا حلف لیا گیا۔
معرکہ حق بھارت کی یادداشت سے کبھی ختم نہیں ہو گا،، فیلڈ مارشل



















