سانحہ سوات ، جاں بحق 10افراد سپرد خاک،امداد کااعلان،ڈپٹی کمشنر بھی معطل

سوات،ڈسکہ(:بیورورپورٹ،نامہ نگار،نمائندہ مشرق)سانحہ سوات میں جاں بحق 10افراد آہوں،سسکیوں میں سپرد خاک،لواحقین کیلئے فی کس15لاکھ امداد کااعلان،ڈپٹی کمشنر بھی معطل،دریا کنارے ہر قسم کی کھدائی پر پابندی عائد، تجاوزات کےخلاف بھرپور کارروائی کا فیصلہ کرلیا گیا۔

،8 افراد کو آبائی شہر ڈسکہ میں سپرد خاک کیا گیا،صوبائی وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق، ممبر قومی اسمبلی نوشین افتخار،کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن سید نوید حیدر شیرازی، آر پی او گوجرانوالہ طیب حفیظ چیمہ، ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ صبا اصغر علی، ڈی پی او سیالکوٹ فیصل شہزاد،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو اقبال ، اسسٹنٹ کمشنر ڈسکہ عثمان غنی ، چیف افسرمیونسپل کمیٹی ڈسکہ الفت شہزاد،سابق ممبر صوبائی اسمبلی آصف باجوہ ایڈووکیٹ،ڈاکٹر رومان عاشر میاں، میاں نعیم اختر، افضل منشا سمیت دیگر افسروں ،مقامی سیاسی و سماجی رہنماﺅں اور لوگوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

عبدالسلام کی بیوی ،2بیٹیوں کی نماز جنازہ دارالعلوم مدنیہ ڈسکہ کلاں ،3بہنوں کی نماز جنازہ کالج روڈاور بہن بھائی کی نماز جنازہ عیدگاہ سمبڑیال روڈ میںادا کی گئی ،ہر آنکھ اشکبار،فضا سوگوار رہی بعدازاں آہوں،سسکیوں میں سپرد خا ک کردیاگیا۔

ادھر مردان میں جاں بحق فرمان ،کمسن عشال کی نماز جنازہ نواں کلی رستم میں ادا کی گئی،بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی،آہوں ،سسکیوں سے فضا سوگوار رہی۔

دوسری جانب چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا شہاب علی شاہ نے سوات کا ہنگامی دورہ کرکے افسوسناک حادثے کی جگہ کا جائزہ لیتے ہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین کےلئے 15 لاکھ روپے فی کس امداد کا اعلان کردیا۔

چیف سیکرٹری نے کہادریائے سوات میں حادثے کے دوران 85 افراد پھنسے ، 58 کو زندہ بچا لیا، رپورٹ مکمل ہونے کے بعد غفلت برتنے والوں کو قرار واقعی سزا دی جائے گی،موسم کی خرابی ،وقت کی کمی کے باعث ریسکیو آپریشن کے دوران ہیلی کاپٹر موقع پر نہیں پہنچ سکا تاہم زمین پر تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے گئے۔

شہاب علی نے کہادریائے سوات میں ہر قسم کی کھدائی پر پابندی عائد کردی اور تجاوزات کےخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی، سیاحوں کے تحفظ کےلئے تمام ضروری ایس او پیز جاری کر دئیے۔

مزید برآںڈپٹی کمشنر سوات شہزاد محبوب کو بھی معطل کرکے نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا،علاوہ ازیں وزیراعلیٰ خیبر پختونخواعلی امین گنڈاپور نے چیئرمین وزیر اعلیٰ انسپکشن ٹیم کی سربراہی میں 3رکنی کمیٹی کو تحقیقات کا حکم دےدیا ،انکوائری کمیٹی ذمہ داروں کا تعین کر کے 7 دن میں رپورٹ پیش کرے گی۔

دریں اثنا کے پی حکومت نے دریائے سوات کنارے تجاوزات کےخلاف بھرپور کارروائی کا فیصلہ کرلیا،جائے حادثے پرپولیس کی غیر موجودگی پر ایس پی سے وضاحت طلب ،دریا کنارے قانونی وغیر قانونی مٹی نکالنے کی سرگرمیاں فوری بند کرنے اور بغیر اجازت تعمیر شدہ ہوٹلز کو فوری ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔