جاری ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل ترجیح ہے: کمشنر ساہیوال ڈاکٹر آصف طفیل

ساہیوال (چوہدری اشرف سے) ڈاکٹر آصف طفیل نے ساہیوال ڈویژن کے نئے کمشنر کے عہدے کا چارج سنبھال لیا۔ وہ پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس کے گریڈ 20 کے سینئر آفیسر ہیں اور کمشنر ساہیوال تعینات ہونے سے پہلے سیکرٹری پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ بورڈ پنجاب تعینات تھے۔ کمشنر آفس پہنچنے پر ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن ڈاکٹر سیف اللہ بھٹی، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ اینڈ فنانس شفیق احمد ڈوگر، ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز عقیل اشفاق، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ شاہد فاروق وڑائچ اور اسسٹنٹ کمشنر جنرل غلام حسین بھٹی نے ان کا استقبال کیا۔ سابق کمشنر شعیب اقبال سید بھی ان کے ہمراہ تھے۔چارج سنبھالنے کے بعد افسران سے غیر رسمی ملاقات میں انہوں نے عوام کے مسائل حل کرنے اور ڈویژن بھر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کو اپنی ترجیح قرار دیتے ہوئے ہدایت کی کہ وہ اپنے دفاتر کے دروازے سائلین کیلئے کھلے رکھیں تاکہ عوامی شکایات کو فوری حل کیا جا سکے۔دوسری طرف کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل کا چارج سنبھالنے کے فوری بعد امام بارگاہ قصر بتول کا دورہ، محرم کے مرکزی روٹس کا جائزہ لیا، مرکزی جلوسوں کے راستوں پر سکیورٹی، صفائی اور دیگر سہولیات کے انتظامات کو حتمی شکل دینے کی ہدایت۔ تفصیلات کے مطابق کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل نے محرم الحرام کے مرکزی جلوسوں کے روٹس کا جائزہ لینے کیلئے جوگی چوک امام بارگاہ قصر بتول کا تفصیلی دورہ کیا۔، آر پی او محبوب رشید، ڈپٹی کمشنر شاہد محمود، ڈی پی او رانا طاہر رحمان اور دیگر متعلقہ افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔ دورے کے دوران کمشنر کو محرم الحرام کے جلوسوں کے روٹس، سکیورٹی پلان، صفائی، سٹریٹ لائٹس اور دیگر بنیادی سہولیات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ کمشنر ساہیوال ڈاکٹر آصف طفیل نے ہدایت کی کہ عزاداران کو مکمل تحفظ اور سہولیات فراہم کرنے کیلئے تمام ادارے باہمی رابطہ بہتر کریں جس میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اور پولیس محرم الحرام کے دوران امن و امان قائم رکھنے کیلئے مکمل طور پر الرٹ ہے اور حساس مقامات پر اضافی سکیورٹی بھی تعینات کی جائیگی۔کمشنر ساہیوال ڈاکٹر آصف طفیل نے امام بارگاہ کی انتظامیہ سے ملاقات کی اور ان کے مسائل بھی سنے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ تمام ممکنہ اقدامات بروقت مکمل کئے جائیں گے تاکہ محرم الحرام کے دوران عزاداری کے اجتماعات پرامن اور منظم طریقے سے منعقد ہو سکیں۔