لاہور (اپنے رپورٹر سے) سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے کہا ہے کہ ایک سیاسی جماعت نے ملکی مفاد کے خلاف بھارت کا بیانیہ اپنا رکھا ہے، یہ ایوان میں صرف نعرے بازی کیلئے آتے ہیں، اور بجٹ پر ان کی تقاریر بالکل سطحی اور غیر سنجیدہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ احتجاج کے نام پر جو رویہ اپنایا جا رہا ہے وہ دراصل غنڈہ گردی ہے اور قوم بجٹ اجلاس میں اپوزیشن کے اس غیر سنجیدہ روئیے کو دیکھ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کل فلور پر یہ بات واضح کی گئی کہ احتجاج اور غنڈہ گردی میں فرق ہوتا ہے لیکن بدقسمتی سے اپوزیشن یہ فرق سمجھنے سے قاصر ہے۔ ماحولیات کے عالمی دن کی مناسبت سے ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے کہا کہ اس وقت ماحولیاتی تبدیلی ایک سنجیدہ مسئلہ بن چکا ہے۔ چار دہائیوں میں سرسبز کھیتوں کو ختم کر دیا گیا ہے اور دیہی علاقوں میں پلاسٹک کے استعمال کا شعور نہ ہونے کی وجہ سے صورتحال مزید خراب ہو رہی ہے۔ لوگوں کو معلوم ہی نہیں کہ پلاسٹک کس قدر نقصان دہ ہے، وہ دودھ، دہی اور دیگر اشیاء پلاسٹک میں لے آتے ہیں جس کے انتہائی منفی اثرات ماحول اور انسانی صحت پر مرتب ہو رہے ہیں۔ قصور جیسے علاقوں میں پچاس کلو میٹر کے دائرے میں نباتات ختم ہو چکی ہیں، زیر زمین پانی نیچے جا چکا ہے اور نوجوانوں کے جنازے کینسر جیسے مرض کی وجہ سے اٹھ رہے ہیں۔سپیکر ملک احمد خان نے کہا کہ عوام کے پاس وسائل نہیں اور وہ اپنی مدد آپ کے تحت کچھ کرنے کی سکت نہیں رکھتے، لہٰذا حکومت کو سنجیدہ اقدامات کرنے ہوں گے۔ سپیکر ملک احمد خان نے امید ظاہر کی کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز پلاسٹک پر مکمل پابندی کا سخت فیصلہ کریں گی، کیونکہ انہیں ماضی میں بھی سخت اور مو¿ثر فیصلے کرتے دیکھا گیا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں سپیکر ملک احمد خان نے کہاکہ بجٹ میں کسی تقریر میں وزن دکھائی نہیں دیا، صرف ایک دوسرے کے خلاف نعرے بازی ہو رہی ہے، جب کہ ایوان کو قانون سازی کیلئے استعمال ہونا چاہیے۔ انہوں نے ”ستھرا پنجاب پروگرام“کو دیہات اور شہروں دونوں کیلئے ایک اچھا اقدام قرار دیا۔ سپیکر ملک احمد خان نے کہا کہ بیجنگ جیسے شہر کو صاف ستھرا ہونے میں 10 سال لگے، ہم بھی مستقل مزاجی کے ساتھ کام کریں تو بہتری ممکن ہے۔ اسپیکر نے حکومت اور وزیر اعظم پاکستان کی جانب سے جنرل سید عاصم منیر کو فیلڈ مارشل بنانے کے فیصلے کو سراہا اور انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ صرف پاکستان نہیں بلکہ دنیا بھر میں تسلیم کیا جا رہا ہے۔
ماحولیاتی تباہی خطرناک، پلاسٹک پر مکمل پابندی ضروری ہے:سپیکر پنجاب اسمبلی



















