لاہور :(اپنے رپورٹر سے)وزیراعلیٰ مریم نوازنے جنوبی پنجاب کے دیہات میں رہنے والی خواتین کےلئے ایک اور تاریخ ساز قدم اٹھالیا ،غریب اور نادار دیہی خواتین کےلئے بہتر ذریعہ روزگار کا اہتمام کیا گیا ، دیہات میں رہنے والی غریب بیوہ خواتین کو بھینسیں اور گائیں ملیں گی،جنوبی پنجاب کے 12 اضلاع میں 2 ارب روپے سے 11ہزاردیہی خواتین کو بھینسیں اور گائیں دی جائیں گی۔
مریم نواز کے بے مثال پروگرام کے پہلے مرحلے میں 4870مویشی دیئے جائیں گے،سی ایم پنجاب لائیوسٹاک اثاثہ جات پروگرام کا مقصد دودھ کی پیداوار میں اضافہ اور دیہی خواتین کےلئے گھر بیٹھے روزگار کا اہتمام ہے، وزیراعلیٰ لائیو سٹاک اثاثہ جات پروگرام کے تحت ڈیرہ غازی خان، مظفر گڑھ، راجن پور، لیہ اور کوٹ ادو میں دیہی خواتین کو فری مویشی ملیں گے،ملتان، خانیوال، لودھراں، وہاڑی، رحیم یار خان اور بہاولپور میں بھی دیہی خواتین کو بہتر ذریعہ معاش کےلئے مفت مویشی ملیں گے۔
55سال تک عمر کی مطلقہ اور بیوہ غریب خواتین گھر بیٹھے ایپ کے ذریعے بھی اپلائی کر سکتی ہیں، دیہی خواتین مفت مویشی حاصل کرنے کےلئے شفاخانہ حیوانات میں وزیراعلیٰ سہولت ڈیسک سے بھی رابطہ کر سکتی ہیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا دیہات اور شہروں میں غربت کا فرق مٹاناہمارا عزم ہے، معاشی ترقی دیہات میں رہنے والی بیٹی کا بھی حق ہے، شہروں اور دیہات میں مساوی معاشی مواقع فراہم کررہے ہیں، عورت شہر میں ہوں یا دیہات میں تعلیم، صحت اور روزگار اس کا بنیادی حق ہے۔
مریم نواز کاایک اور تاریخ ساز قدم،جنوبی پنجاب کی غریب بیوہ خواتین کو مفت بھینسیں ، گائیں



















