اسلام آباد(بیورورپورٹ) وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں ملک کی مجموعی سیاسی و معاشی صورتحال پر تفصیلی غور کیا گیا،اجلاس میں خطے کی سکیورٹی، بجٹ کی تیاری، اور اتحادی جماعتوں کی حمایت کے حصول جیسے اہم امور زیر بحث آئے،کابینہ اجلاس میں وزیراعظم نے کیش لیس اکانومی اور معیشت کی ڈیجیٹائیزیشن کو فروغ دینے کےلئے اعلیٰ سطح کمیٹی تشکیل دےدی، صدارت شہباز شریف خود کریں گے،وزیراعظم نے کہا معیشت کی ڈیجیٹائیزیشن حکومت کی اصلاحاتی پالیسی کا مرکزی ستون ہے، ڈیجیٹل والٹس اور آن لائن ادائیگیوں کو عام کیا جائے تاکہ رقوم کی منتقلی شفاف اور براہ راست مستحق افراد تک ممکن ہو،شہباز شریف نے رمضان المبارک میں ڈیجیٹل والٹس کے ذریعے کی گئی رقوم کی تقسیم کو شفاف اور مو¿ثر ماڈل قرار دیا،وزیراعظم نے کہا پاکستان خطے میں امن و استحکام کا خواہاں ہے،عالمی برادری کو مشرق وسطیٰ کی بگڑتی صورتحال پر فوری کردار ادا کرنا ہوگا،وزیراعظم نے اسرائیل کی جانب سے ایران کےخلاف کارروائی کو کھلی جارحیت قرار دیتے ہوئے شدید مذمت کی، شہباز شریف نے کہا ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ کی صورتحال انتہائی تشویشناک ہے جو پورے خطے کے امن کو خطرے میں ڈال سکتی ہے، عالمی برادری ایران اسرائیل جنگ بندی کیلئے فوری اقدامات کرے، ایرانی صدر سے بھی صورتحال پر گفتگو ہوئی ، ترک صدر سے بھی خطے میں بڑھتی کشیدگی پر تبادلہ خیال کیا گیا،وزیراعظم نے کہا پاکستان او آئی سی وزرائے خارجہ کے اجلاس کا خیر مقدم کرتا ہے اور دہشتگردی کے مکمل خاتمے کےلئے پرعزم ہے، بھارت کےخلاف جنگ میں اللہ نے پاکستان کو عظیم فتح عطا کی، نائب وزیراعظم ترکیہ میں ہونے والے او آئی سی وزرائے خارجہ اجلاس میں شرکت کریں گے،کابینہ اجلاس کے دوران ملکی معاشی صورتحال اور وفاقی بجٹ پر بھی تبادلہ خیال ہوا، وزیراعظم شہباز شریف نے کہا حکومت نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 10 فیصد اضافہ کیا،ہم نے آئی ایم ایف کو صاف بتا دیا تھا زراعت پر ٹیکس نہیں لگنے دیں گے اور خوشی ہے آئی ایم ایف نے بات کو مانا،پاکستان کی معاشی صورتحال میں بہتری کی جھلک مہنگائی کی شرح میں کمی اور ترسیلات زر میں اضافے سے ظاہر ہو رہی ہے اور یہ مالی پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔
عالمی برادری ایران اسرائیل جنگ بندی کیلئے فوری اقدامات کرے:وزیر اعظم



















