”ایران پر اسرائیلی جارحیت کے اثرات اور پاکستان کا کردار “پر سیمینار

لاہور (سٹاف رپورٹر) روزنامہ سرزمین فورم کے زیر اہتمام سیمینار بعنوان ”ایران پر اسرائیلی جارحیت کے اثرات اور پاکستان کا کردار“پاک فضائیہ ہاﺅسنگ سوسائٹی کے فالکن کلب میں منعقد کیا گیاجس میں معتبر عسکری،سیاسی،سماجی،صحافتی اور عالمی منظرنامے پر گرفت رکھنے والی نمایاں ترین شخصیات نے اظہار خیال کیا،روزنامہ سرزمین کے چیف ایڈیٹر صفدر علی خاں،چوہدری علی شیر،چوہدری محمد مجید ،فہد صفدر خان، عدیل مرزا نے معزز شرکا کو خوش آمدید کہا، استقبالیہ کلمات ادا کرتے ہوئے صفدر علی خاں چیف ایڈیٹر روزنامہ سر زمین نے کہا کہ ایران پر اسرائیلی جارحیت نے بکھری ہوئی امت مسلمہ کو یکجان،یک قالب ہونے کا موقع فراہم کیا ہے،برسہا برس سے آپسی تنازعات میں الجھے دو برادر اسلامی ممالک ایران اور سعودی عرب یکایک ایک دوسرے کے قریب آگئے ہیں،یہ ایک ایسا دور ہے کہ جس میں دنیا پر حاکمیت کے خبط میں مبتلا ٹرائیکا امریکہ،اسرائیل اور ہندوستان کو پئے در پئے ناکامیوں کا سامنا کرنا پڑا ہے مگر وطن عزیز پاکستان نا صرف خطے میں بلکہ عالمی سطح پر ایک فاتح کی حیثیت سے ابھرا ہے،پاکستان کی فوج نے پہلے اپنے سپہ سالار کی مدبرانہ قیادت میں ازلی دشمن بھارت کو شکست کی دھول چاٹنے پر مجبور کیا اور پھر اسرائیلی حملے کے آگے اندرونی ضمیر فروشوں کی ریشہ دوانیوں میں گھرے ایران کو مورال سپورٹ دے کر سرخرو ہونے کیلئے حوصلہ بخشا،اس سلگتے موضوع پر اپنے تجربے کا نچوڑ پیش کرتے ہوئے بریگیڈیئر(ر) فاروق حمید نے ایران کی جانب سے اسرائیلی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے پر ایرانی قوم کے ساتھ ساتھ انکی بے داغ قیادت کو بھی فل مارکس دیتے ہوئے کہا کہ کم و بیش پچھلے ڈیڑھ سال سے اسرائیل فلسطینیوں پر ستم ڈھا رہا تھا مگر آس پاس واقع تمام مسلمان ریاستیں خاموش تماشائی بنی رہیں ایسے میں محض ایک ایران تھا کہ جس نے غیرت ملی دکھائی،انہوں نے کہا دراصل یہ فلسطینی بہنوں،بچوں،مجبوروں، لاچاروں پر مسلسل اسرائیلی ظلم اور اس کے نتیجے میں عدل الہی کا ایران کو اسرائیل کی سرزنش کیلیے منتخب کرنے کا نتیجہ ہے کہ ایران نے امریکہ و اسرائیل کے رجیم چینج مقاصد کو تشنہ کامی سے دوچار کر ڈالا ہے،اللہ نے ایران کو غیرت بخشی کہ مشکل وقت میں ایران نے امت مسلمہ کی قیادت کا ذمہ سنبھالا،بریگیڈیئر فاروق حمید نے امریکہ و اسرائیل کے موقف کو رد کرتے ہوئے کہا کہ انڈیا کی جارحیت کے مقابل پاکستان کا جوہری طاقت بننا جس طرح خطے میں توازن کا باعث بنا ہے اسی طرح اسرائیل کے عزائم سے نمٹنے کیلیئے ایران کا جوہری پروگرام بے حد ضروری ہے،پاکستان کو اپنی موجودہ خارجہ پالیسی اسی طور جاری رکھنا ہو گی،ایئر وائس مارشل(ر)ساجد حبیب نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل نے ایران پر غیر قانونی اور بلاجواز حملہ کیا اور یہ بھی واضح کرتا چلوں کہ اسرائیل نے تن تنہا یہ اٹیک ہرگز نہیں کیا بلکہ اس میں اسے امریکہ کی مکمل پشت پناہی حاصل تھی بالکل اسی طرح جیسے پاکستان پر حملہ آور ہوتے ہوئے بھارت کو امریکہ و اسرائیل کی مکمل مدد و حمایت حاصل تھی،ابتدا ایران کو اندرونی سازش اور اینٹیلی جنس اداروں کی غفلت و ناکامی کے باعث ناقابل تلافی عسکری و سائنسی قیادت کی شہادتوں کا نقصان اٹھانا پڑا،کیوں کہ شواہد ہیں کہ میزائل باہر سے نہیں بلکہ اندر ہی سے ٹارگٹ پر داغے گئے،ایئروائس مارشل ساجد حبیب نے کہا کہ ایران نے ماضی میں ہمیشہ پاکستان سے زیادہ بھارت کو اہمیت دی تھی انکا نعرہ ہوا کرتا تھا کہ انڈیا دوست ہے پاکستان پڑوسی ہے،یہ تو وقت بتائے گا کہ ایران اسرائیل جنگ کا نتیجہ کیا نکلتا ہے مگر ایران اس بھنور سے بچ نکلا تو ایک بہتر ہمسایہ دوست ملک بن کر ابھرے گا،ممتاز تجزیہ کار اور عالمی امور کے ماہر سید محمد مہدی نے اپنے خطاب میں واضح کیا کہ پاکستان کی سرزمین پر بھارتی جارحیت دراصل غلط فہمی کا شاخسانہ تھی اور یہ حملہ بھارت سے کروایا گیا تھا یہ سوچ کر کہ پاکستان کے پاس دفاع کیلیے کچھ بھی نہیں اور بھارت امریکی و اسرائیلی توسیع پسندی پروگرام کو تقویت پہنچا کر علاقے میں امریکی کمزور ہوتی گرفت کو طاقت بخشے گا،مگر پاک فوج کی پاک قیادت نے تمام ظاہرہ اور مخفی دشمن قوتوں کی عقل ٹھکانے لگا دی،ایران پر حملے کے بعد خواب غفلت میں پڑا ایران فوری طور پر بیک فٹ پر چلا گیا تھا مگر پھر غیبی مدد نے ایران کو مایوسی سے نکال کر فضاﺅں پر حکمران کر دیا،انہوں نے کہا کہ ایران نے گذشتہ برسوں میں میزائل سازی پر تو توجہ دی مگر فضائیہ پر خرچ نہیں کیا،سید مہدی نے مزید کہا کہ ایران نے اپنے دفاع کیلیئے 36 گھنٹے کے بعد اسٹرائیک کیا،پاکستان کی ہر فورم پر حمایت نے بھی ایران کی آنکھیں کھول دی ہیں اور اب انہیں بھی سمجھ آ گئی ہے کہ دوست کون ہے اور دشمن کون ہے،اس بات کا ثبوت ایرانی پارلیمینٹ میں پاکستان تشکر تشکر کے نعرے ہیں،پاک چائنا چیمبر آف کامرس کے صدر اور ممتاز سفارتکار نذیر حسین نے گفتگو کرتے ہوئے موضوع کو سنجیدہ و وسیع قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیل دراصل گریٹر اسرائیل کا سودا سر میں سمائے ہوئے ہے اور وہ خطے پر اپنا اجارہ قائم کرنا چاہتا ہے،اس مہم میں مظلوم ایرانی اس کے راستے میں اٹک گئے ہیں،ایران کا نیوکلیئر پروگرام اسرائیل کی بالادستی کیلئے خطرہ ہے،اسرائیل کسی بھی قیمت پر امریکہ کی مدد سے ایران کو نیوکلیئر طاقت بننے نہیں دے گا،ایٹم بم امریکہ کے پاس بھی ہے اور اسرائیل کے پاس بھی ہے،اشارے ہیں کہ ہیروشیما،ناگاساکی کے بعد امریکہ کرے یا اسرائیل ایران پر خدانخواستہ ایٹم بم گرایا جا سکتا ہے،پاکستان ایران کو اکیلا نہیں چھوڑ سکتا کیوں کہ نیتن یاہو کے ایک وائرل وڈیو پیغام میں بتا دیا گیا ہے کہ اگلی باری پاکستان کی ہے،روزنامہ جرات و تجارت کے ایڈیٹر عرفان اطہر قاضی نے ہوشیار کیا کہ دوست نما دشمن امریکہ اور ازلی دشمن اسرائیل پر گہری نگاہ رکھنے کی ضرورت ہے،یہ جنگ ایران کی نہیں پاکستان کی ہے،ایران نے ابتدائی دھچکوں کے بعد جس طرح پلٹ کر وار کیا ہے،پہلی بار اسرائیلیوں کی چیخیں نکل رہی ہیں۔