ممتاز راٹھور کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی: گورنر خیبرپختونخوا

حویلی کہوٹہ (مشرق نیوز) گورنر خیبرپختونخواہ فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ مرحوم ممتاز حسین راٹھور کی ریاست کیلئے خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ حویلی کی عوام بڑی خوش قسمت ہے کہ انہیں ایسا لیڈر ملا جس نے عوام کی حقیقی معنوں میں خدمت کی جس بنا پر عوام کے دلوں میں ممتاز راٹھور آج بھی زندہ ہیں۔ فیصل ممتاز راٹھور اپنے والد کے نقش قدم پر چلتے ہوئے عوام کی بھرپور خدمت کر رہے ہیں۔ حویلی کی عوام پاکستان کی پہلی ڈیفنس لائن ہیں جنہوں نے افواج پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا اور مسلح افواج پاکستان نے اپنی سے بڑی طاقت کا غرور خاک میں ملایا۔ ہندوستان کو ایسا منہ توڑ جواب ملا کہ نہ صرف وہ بلکہ اس کے اتحادی بھی چیخ اٹھے۔ پاکستانی آج دنیا میں سر فخر سے بلند کر کے چلتے ہیں۔ ہماری بہادر فوج نہ صرف پاکستان کی محافظ ہیں بلکہ امت مسلمہ بھی آج پاک فوج کی طرف نظریں جمائے بیٹھی ہے۔ ہندوستان کی زبردست ہزیمت پر ٹرمپ نے بھی کشمیر کا مسئلہ حل کرنے کی بات کی۔ وہی سفارتی محاز پر بلاول بھٹو زرداری پاکستان کا مقدمہ لڑنے کیلئے اس وقت دنیا کے کئی ممالک کے دورے پر ہیں۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ ہم مقبوضہ کشمیر میں بسنے والے بہن بھائیوں کو یقین دلاتے ہیں ان کی مکمل آزادی تک ہر محاذ پر حمایت جاری رکھی جائے گی وہ دن دور نہیں جب کشمیر آزاد ہو کر پاکستان کا حصہ بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ غریبوں کی بات کرتی ہے اور آنے والے دنوں میں ہر غریب آدمی کو بینظیر کارڈ ملے گا۔ پاکستان پیپلز پارٹی ایک عوامی جماعت ہے جس بنا پر یم کہتے ہیں کہ آزاد کشمیر میں اگلی حکومت ہماری جماعت کی ہو گی۔ان خیالات کا اظہار گورنر خیبرپختونخواہ فیصل کریم کنڈی نے سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر مرحوم راجہ ممتاز حسین راٹھور کی 26 ویں برسی کی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔