عدلیہ میں جج کو دوسری عدالت میں ضم کرنے کا اصول نہیں، جسٹس علی مظہر

اسلام آباد: (بیورورپورٹ)جسٹس علی مظہر نے ریمارکس دئیے عدلیہ میں ڈیپوٹیشن یا جج کو دوسری عدالت میں ضم کرنے کا اصول نہیں،جج، متعلقہ چیف جسٹس صاحبان یا چیف جسٹس پاکستان میں سے کوئی انکار کردے تو ٹرانسفر کا عمل ختم ہوجاتا ہے، صدر کا اختیار اپنی جگہ لیکن درمیان میں پورا پراسس ہے۔

5 رکنی آئینی بنچ نے ججز ٹرانسفر وسنیارٹی کیس پر سماعت کی،بیرسٹر صلاح الدین نے مو¿قف اختیار کیا آئین کے آرٹیکل 200 کی وضاحت کا اطلاق صرف ذیلی سیکشن 3 پر ہوتا ہے، سول سروس میں اگر ایک محکمہ سے دوسرے محکمہ میں تبادلہ ہو تو سنیارٹی متاثر ہوتی ہے، عدلیہ میں نہ تو ڈیپوٹیشن کا اصول ہے اور نہ ہی کسی جج کو کسی دوسری عدالت میں ضم کرنے کا اصول رائج ہے،جسٹس علی مظہر نے کہا سول سروس میں ڈیپوٹیشن یا ملازم کو محکمہ میں ضم کرنے کا اصول ضرور موجود ہے، عدلیہ میں ڈیپوٹیشن یا جج کو کسی دوسری عدالت میں ضم کرنے کا اصول نہیں،جسٹس شکیل احمد نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا بھارت میں ججز کے تبادلے کے وقت رضامندی نہیں لی جاتی اور سینیارٹی پر کوئی فرق نہیں پڑتا۔

بیرسٹر صلاح الدین احمد نے کہا ابھی دو ہفتے پہلے ہندوستانی ہائی کورٹس میں ججز کے تبادلے ہوئے، دہلی ہائیکورٹ کے سینئر جج کو کرناٹک ہائی کورٹ کا چیف جسٹس تعینات کیا گیا،جسٹس علی مظہر نے ریمارکس دیئے 27 اے کا نوٹس فریق بننے کیلئے ہی ہوتا ہے، آپ کو اٹارنی جنرل کے بعد دلائل دینے چاہیے تھے، آپ کو نہیں معلوم 27 اے کا نوٹس کتنا اہم ہوتا ہے؟ جب لاہور ہائیکورٹ کے رجسٹرار نے اپنے کمنٹس جمع کرائے ہیں تو آپ کیس میں مرکزی فریق ہیں،عدالتی فیصلے موجود ہیں سنیارٹی تقرری کے دن سے شمار ہوگی، اگر کوئی جج ہائی کورٹ میں تبادلے پر آجائے تو اس کی پہلی سنیارٹی کا کیا ہوگا؟ بیرسٹر صلاح الدین نے کہا دیکھنا ہے صدر کو وزیراعظم کی ایڈوائس پر عمل کرنا ہے یا اپنا اختیار آزادانہ استعمال کرنا ہے۔

جسٹس علی مظہر نے سوال کیا اگر جوڈیشل کونسل کسی جج کو برطرف کرنے کی سفارش کرے تو کیا صدر ذہن استعمال کرے گا؟ صلاح الدین نے جواب دیا سیاسی حکومت کی ایڈوائس پر صدر کو ذہن اپلائی کرنا ہوگا،جسٹس علی مظہر نے کہا اگر جج کے تبادلے کا عمل رضامندی سے نہ ہو تو سارا عمل کالعدم ہو جائے گا، اگر جج رضامندی دے بھی دیں لیکن جس ہائی کورٹ میں جانا ہے وہاں کا چیف جسٹس انکار کر دے تو بھی تبادلہ ممکن نہیں، اسی طرح اگر چیف جسٹس پاکستان انکار کر دیں تب بھی تبادلہ ممکن نہیں ہوگا، عدالت میں تمام بات صدر کے اختیار پر ہو رہی ہے لیکن صدر کے اختیار کے استعمال سے پہلے جتنا پراسس ہے اس پر کسی نے کچھ نہیں کہا، آئین میں لکھی ہر لائن کا ایک مقصد ہے، عدالت نے مزید سماعت ملتوی کر دی۔