بھارت کی پاکستان کو فیٹف گرے لسٹ میں شامل کرانے کی سازش ناکام

اسلام آباد: (بیورورپورٹ)بھارت کو ایک اور سبکی،پاکستان کو فیٹف گرے لسٹ میں شامل کرانے کی سازش ناکام،پاکستان عالمی اعتماد کیساتھ کامیاب ٹھہرا۔

ذرائع کے مطابق بھارتی سفارتی وفد کی بھرپور کوشش رہی پاکستان کو پھر FATFگرے لسٹ میں شامل کرایا جائے تاہم اجلاس میں پاکستان کو گرے لسٹ میں رکھنے کی بجائے رپورٹنگ پر رکھنے کا فیصلہ کیا گیا،فیصلے کے بعد بھارت اپنے مقاصد حاصل کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکا۔

اجلاس کے دوران چین نے پاکستان کے حق میں واضح موقف اختیار کیا،ترکی،جاپان کی جانب سے بھی پاکستان کی بھرپور حمایت کی گئی۔

ذرائع کے مطابق آپریشن ”بنیان مرصوص“ کے بعد بھارت نے پاکستان کو سفارتی سطح پر تنہا کرنے کیلئے بھرپور کوششیں کیں، پروپیگنڈا کیلئے ”را“ پیش پیش رہی،”را“ نے پاکستان کو بدنام کرنے کیلئے نئی دہلی میں ڈس انفو لیب بھی بنائی، ڈس انفو لیب کا مقصد بین الاقوامی دنیا کو گمراہ کرنا ہے، ڈس انفو لیب کے ذریعے پاکستان کےخلاف جھوٹا ،من گھڑت پروپیگنڈا کیا جاتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق بھارتی حکومت کے سفارتی وفود دنیا کے مختلف ممالک میں گئے اور ہر جگہ پاکستان کےخلاف زہر افشانی کی گئی، دنیا کے کسی بھی ملک نے بھارتی سفارتی وفد کے بیانیے کو پذیرائی نہیں دی،بھارت اسرائیل کی مدد سے ایف اے ٹی ایف کو پاکستان کےخلاف استعمال کرنے کی بھرپور کوشش کر رہا تھا تاہم FATF کے رکن ممالک نے بھارتی منفی پروپیگنڈے کو نظر انداز کیا۔

ذرائع کے مطابق بھارت کی تمام تر سازشوں کے باوجود پاکستان کو گرے لسٹ میں شامل نہ کرنا بڑی کامیابی ہے، آپریشن ”بنیان مرصوص“ کے بعد سے پاکستان کی سفارتی پوزیشن مسلسل مضبوط ہو رہی ہے،ہندوتوا ،صہیونی لابی کی مشترکہ کوششیں بھی پاکستان کو گرے لسٹ میں شامل کرانے میں ناکام رہیں۔