نیویارک: (بیورورپورٹ)اسرائیل،ایران جنگ پرسلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بے نتیجہ،امریکہ نے اسرائیل کی حمایت کااعتراف کرلیا۔
اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے کہا ایران کو اقوام متحدہ چارٹر کے تحت دفاع کا پورا حق حاصل ، اسرائیلی جارحیت ناقابل قبول ہے، پاکستان ایران پر اسرائیل کے غیرقانونی حملے کی مذمت کرتاہے، اسرائیلی حملے امن، سلامتی اور استحکام کیلئے سنگین خطرہ ہیں ، اسرائیل کی جانب سے خودمختاری کی مسلسل خلاف ورزیاں معمول بنتی جارہی ہیں،امن مذاکرات کے درمیان ایران پر حملہ کیاگیا،عالمی برادری کونوٹس لینا چاہیے۔
ایرانی مندوب عامر سعید نے کہااسرائیل کی جانب سے خودمختاری پر حملہ کر کے جنیوا کنونشن اور عالمی قوانین کی صریح خلاف ورزی کی گئی، اسرائیل خطے میں مسلسل اشتعال انگیزی پھیلا کر امن کو سبوتاژکر رہا ہے،اقوام متحدہ نے اسرائیل کو نہ روکا تو مشرق وسطیٰ ایک نہ ختم ہونے والی جنگ کی دلدل میں دھنس جائے گا۔
امریکی مندوب نے اعتراف کیا امریکہ اسرائیل کے ایران پر حملے سے قبل آگاہ تھا تاہم دعویٰ کیا حملوں میں امریکی فورسز شامل نہیں تھیں، واشنگٹن حکومت ایران کو جوہری ہتھیار رکھنے کی اجازت نہیں دے گی، اسرائیل کے دفاع کےساتھ کھڑے ہیں لیکن کشیدگی میں کمی کو بھی ترجیح دیتے ہیں۔
چین نے موقف اپنایا اسرائیل کا ایران پر حملوں کا کوئی جواز نہیں، حملے ایرانی سلامتی، خودمختاری کی خلاف ورزی ہیں ،اسرائیل کو حملوں کے نتائج بھگتنا ہوں گے، کشیدگی میں اضافہ کسی فریق کے حق میں نہیں ،اسرائیل خطرات سے بھرے فوجی ایکشن کو فوری بند کرے اور مزید کشیدگی بڑھانے سے گریز کیا جائے،چینی مستقل مندوب نے کہا اسرائیل نے ایران کی ایٹمی تنصیبات کو نشانہ بنا کر ایک اور ریڈ لائن عبور کر لی، دونوں ممالک کے درمیان جنگ کو مزید پھیلنے سے روکنا ہو گا، اسرائیلی اقدامات خطرناک نتائج کا پیش خیمہ ثابت ہو سکتے ہیں، ایران کی خودمختاری اور سلامتی پر اسرائیلی حملہ عالمی امن کےلئے خطرہ ہے۔
روس کے ایلچی نے کہا ایران پر اسرائیل کے حملوں کا کوئی جواز نہیں، اشتعال انگیزی کی حمایت نہیں کی جا سکتی،جنگ کسی کے مفاد میں نہیں، جارحانہ اقدامات کو قبول کرنا عالمی امن کےلئے سنگین خطرہ ہے، عالمی برادری اشتعال انگیزی کےساتھ کھڑی نہیں ہو سکتی، کشیدگی کم کرنے کیلئے روس سفارتی کوششوں کی حمایت کرے گا۔
اسرائیلی مندوب ڈینی ڈینن نے کہا انٹیلی جنس تھی چند دنوں میں ایران جوہری بموں کےلئے موادتیارکرلے گا، مسئلے کے حل کےلئے سفارتکاری کا انتظارکیا اور ایران پر حملہ اپنے تحفظ کےلئے تن تنہا کیا۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیوگوتریس نے کہا ایران اسرائیل کشیدگی بہت بڑھ چکی ، روکنے کا وقت آگیا، امن اورسفارتکاری کا بول بالا ہونا چاہیے،دونوں ممالک سے تحمل کا مظاہرہ کریں،خطہ مزید تصادم کا متحمل نہیں ہو سکتا۔
دوسری جانب اسلامی تعاون تنظیم نے ایران پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہااسرائیل کا حملہ ایران کی خودمختاری ،بین الاقوامی قانون کی کھلی خلاف ورزی ہے، حملے سے پورے خطے میں امن و سلامتی کی صورتحال مخدوش ہوئی ، عالمی برادری جارحیت کے خاتمے کےلئے فوری اقدامات کرے۔
سلامتی کونسل کا اجلاس بے نتیجہ،ایران کو جواب کاحق حاصل ہے،پاکستان



















