لاہور (خبرنگار) عیدالاضحی کے موقع پر لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے شہر بھر میں صفائی کے حوالے سے شاندار اور مثالی آپریشن مکمل کر کے عوام کے دل جیت لئے۔ قربانی کے بعد آلائشوں کو فوری اور موثر انداز میں ٹھکانے لگانے کا عمل بلا تاخیر جاری رہا، جس کی بدولت شہر کے تمام علاقوں میں صفائی کا معیار قابل تعریف رہا، بالخصوص یونین کونسل نمبر 67، 72، 73 اور 74 میں صفائی آپریشن کو خصوصی اہمیت حاصل رہی، جہاں زونل انچارج میاں ندیم نے بہترین حکمت عملی کے تحت صفائی کے اقدامات انجام دئیے۔ ان علاقوں میں ٹیم ورک، بروقت فیصلے اور موثر نگرانی کی بدولت صفائی کی صورتحال تسلی بخش رہی۔آپریشن کی سب سے بڑی خصوصیت ”آن کال“ لوڈر رکشوں کی فراہمی رہی جو ہر شکایت پر فوری رسپانس دیتے رہے۔ اس فوری ردعمل نے شہر میں آلائشوں اور قربانی کے فضلہ جات کے بروقت خاتمے کو ممکن بنایا، صفائی عملہ نے عید الاضحی پر کامیاب آپریشن کا کریڈٹ چیف ایگزیکٹیو آفیسر بابر صاحب دین اور ڈپٹی سی ای او ذوالقرنین کو دیا ہے، جنہوں نے کمپنی کے عملے کو نہ صرف رہنمائی فراہم کی بلکہ ان کی حوصلہ افزائی اور پذیرائی کے ذریعے ایک مثالی ٹیم ورک کو فروغ ملا۔ مذکورہ افسران کی قیادت میں تمام زونز کے انچارجز، صفائی عملہ اور فیلڈ ٹیموں نے دن رات محنت کر کے ایک صاف اور آلائشوں سے پاک لاہور یقینی بنایا جس پر شہریوں نے اطمینان کا اظہار کیا اور ایل ڈبلیو ایم سی کی کاوشوں کو سراہا۔ کمپنی ذرائع کے مطابق عید کے تینوں دن ہزاروں ٹن آلائشیں تلف کی گئیں جبکہ متعدد خصوصی کیمپس، کنٹرول رومز اور ہیلپ لائنز کے ذریعے شہریوں کی شکایات کا فوری ازالہ کیا گیا۔ شہر کے مختلف علاقوں میں صفائی کے اس مثالی آپریشن پر شہری حلقوں، سیاسی و سماجی رہنماوں اور مقامی بلدیاتی نمائندوں نے ایل ڈبلیو ایم سی کی کارکردگی کو خراج تحسین پیش کیا اور امید ظاہر کی کہ اسی جذبے کے ساتھ ادارہ آئندہ بھی شہری سہولیات کو بہتر بنانے میں پیش پیش رہیگا۔
عیدالاضحی پر مثالی آپریشن، لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے عوام کے دل جیت لئے



















