بڑے پیمانے پر ٹیکسز کانفاذ تشویشناک،مزید ریلیف کی ضرورت ہے:تاجر


لاہور:(کامرس رپورٹر)لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے وفاقی بجٹ 2025-26پرردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا اگرچہ لاہور چیمبر کے کئی مطالبات تسلیم کیے گئے تاہم کاروباری برادری وسیع پیمانے پر ایسے ریلیف کی توقع کررہی تھی جس سے سرمایہ کاری، صنعتی نشوونما، سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز، زرعی شعبے کو فروغ حاصل ہوتا۔

صدر لاہور چیمبر میاں ابوذر شاد، سینئر نائب صدر انجینئر خالد عثمان، نائب صدر شاہد نذیر چودھری، سابق صدور میاں انجم نثار، علی میاں، سابق سینئر نائب صدر علی حسام اصغر اورسابق نائب صدر فہیم الرحمن سہگل نے کہادفاعی بجٹ میں اضافہ وقت کی اہم ضرورت تھا تاہم بجٹ میں مزید اضافہ ہونا چاہیے، کنسٹرکشن سیکٹر کو ریلیف دینا خوش آئند ہے، پانی کے منصوبوں کےلئے زیادہ فنڈز مختص کرنا اچھی بات لیکن حالات کے پیش نظر کہیں زیادہ رقم مختص کی جانی چاہیے ۔

چیمبر عہدیدار وں نے کہادیرینہ مطالبہ تسلیم کرتے ہوئے ٹیکس ریٹرن آسان بنا دی گئی ،سپر ٹیکس میں کمی نہ ہونے کے برابر ہے،فاٹا پاٹا پر ٹیکس عائد کرنے کا خیر مقدم کرتے ہیں،تمام نقصان دہ پبلک سیکٹر انٹرپرائزز سے جان چھڑائی جائے، رئیل سٹیٹ سیکٹر پر ٹیکس ، جائیداد کی خرید و فروخت اور ٹرانسفر پر ڈیوٹی کم کم کرنا، دانش یونیورسٹی کا قیام اور سیلز ٹیکس چوری روکنا اچھے اقدامات ہیں،ای کامرس کو ٹیکس نیٹ میں لانے کا فیصلہ بھی درست ہے۔

لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہاایس ایم ایم ایز کےلئے اقدامات کا فقدان نظر آیا ،مزید ریلیف کی ضرورت ہے، پٹرولیم مصنوعات پر ٹیکس لگانا مایوس کن ہے، دستاویزی معیشت کی حوصلہ شکنی ہوگی۔

ادھر آل پاکستان انجمن تاجران نے محتاط رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا حکومت کی جانب سے یکم جولائی سے 7بنیادی معلومات پر مبنی سادہ فارمیٹ ریٹرن کے اجرا کا فیصلہ قابل ستائش ہے ،بڑے پیمانے پر ٹیکس عائد کرنے کی تجاویز پر تشویش ہے ،مکمل جائزہ لینے کے بعد رد عمل دیاجائےگا۔

اشرف بھٹی نے کہا انکم ٹیکس کی تمام سلیبز میں کمی خوش آئند ہے ، نان فائلر زکےلئے بینکوں سے لین دین پر ٹیکس کٹوتی میں اضافے کے فیصلے کی حمایت کرتے ہیں، کمرشل جائیدادوں ،گھروں کے انتقال کے عمل پر عائد 7فیصد فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کے خاتمے اورجائیداد کی خریداری پر ودہولڈنگ ٹیکس میں کمی کے فیصلے خوش آئند ہیں ،معاشی سر گرمیاں عروج حاصل کریں گی ۔