سفارتی وفد نے اقوام متحدہ میں پاکستان کا مقدمہ بھرپور انداز میں لڑا،دفتر خارجہ

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) اعلیٰ سطح پارلیمانی وفد نے بلاول بھٹو زرداری کی زیر قیادت اقوام متحدہ کے صدر دفتر نیویارک کا 2 روزہ دورہ مکمل کرلیا۔

وفد نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل، صدرجنرل اسمبلی ، سلامتی کونسل کے صدر، سلامتی کونسل کے مستقل و غیر مستقل اراکین کے نمائندگان، او آئی سی گروپ کے سفیروں، ذرائع ابلاغ، سول سوسائٹی، تھنک ٹینکس اور پاکستانی کمیونٹی سے ملاقاتیں کیں۔

دفتر خارجہ نے کہا دورہ پاکستان کی بین الاقوامی سفارتی مہم کا حصہ، مقصد خطے میں بڑھتی کشیدگی ، بین الاقوامی امن و سلامتی کو لاحق خطرات پرپاکستان کا موقف پیش کرنا تھا،عالمی امن و سلامتی کو لاحق خطرات کی جڑ بھارت کے غیر ذمہ دارانہ رویہ، پاکستان کےخلاف بلااشتعال جارحیت، اشتعال انگیز بیانات ، سندھ طاس معاہدے کو یکطرفہ طور پر معطل کرنے جیسے اقدامات میں ہے جو پاکستان کے 24 کروڑ سے زائد عوام کیلئے زندگی کی علامت ہے۔

اعلامیہ کے مطابق بلاول بھٹو کی قیادت میں وفد نے اقوام متحدہ میں پاکستان کا مقدمہ
بھرپور انداز میں لڑا، بنیادی پیغام ”ذمہ داری کے ساتھ امن“ پیش کیا، بھارتی سرپرستی میں دہشت گردی کے ثبوت عالمی برادری کے سامنے رکھے، وفد نے سندھ طاس معاہدے پر بھارت کا یکطرفہ رویہ ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے عالمی برادری سے معاہدات کی پاسداری یقینی بنانے کا مطالبہ کیا، وفد نے اعادہ کیا جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کا انحصار جموں و کشمیر کے تنازع کے منصفانہ و پرامن حل پر ہے جو سلامتی کونسل قراردادوں ، کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق ہونا چاہیے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستانی مشن نے کہا بھارت کانیا معمول خطے کے امن کیلئے خطرہ ہے، مسئلہ کشمیر کا پائیدار حل ہی جنوبی ایشیا میں امن کی ضمانت ہے، پاکستان اپنے دفاع سے غافل نہیں، امن چاہتا ہے مگر خودمختاری پر سمجھوتہ نہیں ہوگا۔