امن میں خلل ڈالنے والے عناصر کو انجام تک پہنچایا جائیگا: سرفراز بگٹی

کوئٹہ (مشرق نیوز) وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کا کہنا ہے کہ امن میں خلل ڈالنے والے عناصر کو انکے انجام تک پہنچایا جائیگا۔سرفراز بگٹی نے فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کیخلاف کارروائی پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے خلاف مثالی کامیابیاں حاصل کیں، بلوچستان کے عوام کے تحفظ کیلئے ریاست دشمن عناصر کیخلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ دہشت گردی کے سہولت کار چاہے اندرونی ہوں یا بیرونی، کسی کو معاف نہیں کیا جائیگا۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں امن و ترقی کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے والوں کا ہر محاذ پر تعاقب کریں گے، ریاستی اداروں کی پیشہ وارانہ مہارت پر فخر ہے۔ سرفراز بگٹی نے مزید کہا کہ کامیاب آپریشنز دشمنوں کیلئے واضح پیغام ہیں۔