مویشی منڈیوں میں اوورچارجنگ کی شکایات ناقابل برداشت ہیں : کمشنر ساہیوال

ساہیوال (بےورو رپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے عیدالاضحی کے موقع پر شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے، گلی محلوں کی مثالی صفائی یقینی بنانے اور قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کو بروقت ٹھکانے لگانے کیلئے جامع پلان بنانے کی ہدایت کردی۔ ضلعی انتظامیہ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے تعاون سے صفائی کا فول پروف انتظام کریں اور آلائشیں ڈالنے کیلئے شہریوں کو بڑے شاپنگ بیگ مفت تقسیم کریں، کمشنر کی ہدایت۔ وہ یہاں اپنے دفتر میں عیدالاضحی کے انتظامات کے جائزہ اجلاس کی صدارت کررہے تھے جس میں ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ احمد عثمان جاوید، ڈپٹی کمشنر پاکپتن ماریہ طارق، ساہیوال ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے سی ای او افتخار علی، اے ڈی سی جنرل ساہیوال نیاز احمد مغل اور دوسرے متعلقہ محکموں کے ڈویژنل و ضلعی افسران نے شرکت کی۔ کمشنر نے شہروں میں جانوروں کی فروخت کیلئے غیرقانونی سیلز پوائنٹس قائم ہونے پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے تینوں اضلاع کی انتظامیہ کو انہیں فی الفور ختم کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ مویشی منڈیوں میں اوورچارجنگ کی شکایات ناقابل برداشت ہیں اور اس سلسلے میں ملوث اہلکاروں کے خلاف سخت کاروائی کی جائے۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے عیدالاضحی کے موقع پر ڈویژن کی تمام عید گاہوں، مساجد اور پارکوں کی مثالی صفائی کی بھی ہدایت کی تاکہ عوام بہترین ماحول میں نماز عید ادا کرسکیں۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ ضلعی انتظامیہ کی طرف سے لگائی گئی منڈیوں میں بیوپاریوں اور خریداروں کو تمام ضروری سہولیات کی فراہمی ممکن بنائی جائے۔ انہوں نے سی ای او ساہیوال واٹراینڈ سینی ٹیشن سروسز کمپنی افتخار علی کو عیدالاضحی کے تینوں دنوں کیلئے صفائی پلان ترتیب دینے اور عملے کی ڈیوٹیاں لگانے کی بھی ہدایت کی۔