غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کےخلاف آپریشن تیز کرنے کا فیصلہ


اسلام آباد:(بیورورپورٹ)وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت کاونٹر ٹیررازم کمیٹی اور ہارڈن دی سٹیٹ کمیٹی کا تیسرا اہم ترین اجلاس ہوا،غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کےخلاف آپریشن تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

محسن نقوی نے کہا نادرا ایگزٹ پوائنٹس پر لائیو ڈیٹا ویری فیکشن کی سہولت فراہم کرےگا، تمام ادارے ملکرون ڈاکومنٹ سسٹم کو مکمل طور پر نافذ کریں، ملک سے غیر قانونی سپیکٹرم کے خاتمے کیلئے وفاقی و صوبائی اداروں کو ملکر کام کرنا ہوگا،بھکاری مافیا ملک کی بدنامی کا باعث بن رہا ہے، سختی سے نمٹا جائے،گداگری کو ناقابل ضمانت جرم قرار دینا ہوگا،بجلی چوری کی روک تھام کیلئے وزارت توانائی و صوبائی حکومتوں کو ہر ممکن تعاون فراہم کرر ہے ہیں۔

اجلاس میں توانائی کے حکام نے بریفنگ دی وزارت داخلہ ، صوبائی حکومتوں کے تعاون سے 142 ارب کی ریکوری ممکن ہوئی ،روزانہ کی بنیاد پر 250 سے زائد انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز ہورہے ہیں، نئے قانون کے مطابق کسٹمز و متعلقہ ڈپٹی کمشنر کو پمپ سیل کرنے اور گاڑی ضبط کرنے کا اختیار حاصل ہوگا۔